سعودی اور عمانی وزرائے خارجہ کی مسقط میں ملاقات، سٹریٹیجک شراکت داری پر تبادلہ خیال
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال خصوصا آبنائے ہرمز پر بات کی گئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو مسقط میں عمان کے ہم منصب سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات کی، تاکہ دو طرفہ تعاون اور جی سی سی کے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھا یا جا سکے۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کا جائزہ اور مختلف شعبوں میں سٹرٹییجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے باضابطہ مذاکراتی اجلاس کیا۔
اجلاس میں حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال خصوصا آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایشوز پر بات کی گئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نےآبی گزر گاہوں کی سکیورٹی کو برقرار رکھنے، فریڈم آف نیویگیشن کو یقینی بنانے، خطے میں سلامتی اور استحکام کو بڑھانے، تنازعات کو بات چیت اور پر امن طریقوں سے حل کرنے اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں کئی مشترکہ سٹریٹیجک اقدامات پر بھی بات کی گئی، خصوصا لینڈ بارڈر کراسنگ پروجیکٹ، ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورکس اور لاجسٹک کنیکٹیویٹی تاکہ علاقائی یکجہتی کی سپورٹ کی جا سکے۔
اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کے امکانات، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی نائب وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک ڈاکٹر رمیح محمد الرمیح، وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی، وزارت توانائی کے انڈر سیکرٹری برائے پیٹرولیم و گیس انجینیئر ماجد بن عبداللہ العتیبی، عمان میں سعودی سفیر ابراہیم بن سعد بیشان اور ڈاکٹر منال رضوان نے شرکت کی۔
