شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کا پہلا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا
جمعرات 9 جولائی 2026 21:04
پہلا گروپ 16 ایشیائی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل ہے۔ ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت اسلامی امور نے اس سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 16 ایشیائی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ مدینہ منورہ پہنچا ہے۔
پہلے گروپ میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاوس، مشرقی تیمور، سنگا پور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے عمرہ زائرین کے لیے ایک متنوع پروگرام تیار کیا ہے، جس میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔
شاہی مہمان زیارتوں کے بعد مدینہ منورہ سے مکہ پہنچیں گے جہاں وہ عمرہ ادا کریں گے اور اسلامی مقامات کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
