Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے: سرکاری معلومات پر انحصار کیا جائے، سعودی وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا درست معلومات سکیورٹی کے تحفظ کا حصہ ہیں( فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ ’حالیہ صورتحال میں درست معلومات سکیورٹی کے تحفظ کا حصہ ہیں۔‘
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔ نامعلوم یا ناقابل اعتماد ذرائع سے سکیورٹی اور فوجی آپریشنز سے متعلق تصاویر، وڈیوز اور معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
الاخباریہ اور عرب نیوز کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد ایک سرکاری پریس کانفرنس میں انہوں نے مملکت کے خلاف حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنی سرزمین کے دفاع اور کسی بھی ذریعے سے لاحق خطرات کے خلاف اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ  کے لیے تیار ہے۔ ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مملکت میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ مملکت میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔‘
ان کا کہنا تھا مملکت میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ جہاں تک تیاری کی بات ہے اس میں پریشانی کی بات نہیں بلکہ یہ مختلف ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاست کی مستعدی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا مملکت، میزائل اور ڈرون کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ترین صلاحیتوں کی حامل ہے۔

 مختلف میدانوں میں ترقی کے حوالے سے انہوں نے بتایا سال 2026 کی پہلی ششماہی میں 63 ہزار سے زائد سعودی خاندان اپنے گھر کے مالک بن چکے جبکہ انسانی وسائل ترقیاتی فنڈ ’ہدف‘ پروگرام کے تحت 3 لاکھ 29 ہزار شہریوں کو روزگار فراہم کیا گیا جس کا تناسب گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 23 فیصد سے زیادہ ہے۔
سعودی عرب مسلسل چوتھی مرتبہ حکومتی ڈیجیٹل سروسز کی میچورٹی انڈیکس میں 99 فیصد کے ساتھ خطے میں سرفہرست رہا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا ’جبل صاید‘ منصوبے کے تحت ہونے والی تلاش کے دوران تقریبا 114 ملین ٹن خام معدنی وسائل کی موجودگی کا بھی پتہ چلا ہے۔

 

شیئر: