Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2026: ادارہ دینی امور کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں اضافہ

گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے تقریب کی صدارت کی ( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین کے ادارہ دینی امور کی جانب سے حج 1447 ہجری کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تقریب کی صدارت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق تقریب کے انتظامات مدینہ ایوان صنعت و تجارت میں کیے گئے تھے۔ حج سیزن کے دوران ادارہ دینی امور کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے دستاویزی فلم پیش کی گئی۔
 مسجد نبوی میں ادارہ دینی امور کے معاون سربراہ ڈاکٹر محمد الخضیری نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا سال ہجری 1447 کے دوران ادارے کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔
ادارے کی جانب سے عازمین اور حجاج کی رہنمائی کے لیے 150 مراکز قائم کیے گئے اور 684 اہلکاروں کو خدمات حاصل رہیں، ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد قرآن کریم کے نسخے فراہم کیے گئے۔
 ادارے نے ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں کو بھی وسعت دی، جن میں بصری اور صوتی مصحف کی فراہمی کے علاوہ دینی آگاہی اور علمی پروگراموں میں اضافہ کیا گیا۔

گزشتہ حج سیزن کے دوران 15 ملین سے زائد زائرین کو رہنما خدمات فراہم کی گئیں، 10 ملین سے زائد افراد نے دینی ترجمے کے سہولت سے استفادہ کیا، جبکہ 58 لاکھ کتابیں اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
دینی مراکز سے پانچ لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد نے شرعی استفسارات کیے، 2 ملین سے زیادہ افراد نے علمی پروگراموں سے استفادہ کیا، جبکہ ادارے کے میڈیا مواد کو 37 ملین مرتبہ دیکھا گیا۔

 مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ادارہ دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ حج سیزن کی کامیابی رب العزت کے فضل کے بعد سعودی اعلی قیادت کی جانب سے حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت کے لیے مسلسل سرپرستی اور توجہ کا نتیجہ ہیں۔
تقریب کے اختتام پر گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی کو اعزاز سے نوازا۔ گزشتہ حج میں شریک اداروں اور معاون اداروں کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھی اعزازات دیے گئے۔

 

شیئر: