مسجد نبوی کے قریب آرمڈ فورسز میڈیکل سینٹر سے 22 ہزار زائرین کو طبی خدمات کی فراہمی
سینٹر بیرونی صحن میں 2100 مربع میٹر رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد نبوی کے قریب پرنس سلطان آرمڈ فورسز ہسپتال گزشتہ پانچ برسوں سے حج اور رمضان المبارک کے عمرہ سیزن میں زائرین کو طبی سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سیزنل میڈیکل سینٹر مسجد نبوی کے بیرونی صحن میں 2100 مربع میٹر رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔
20 بستروں کی گنجائش والے سینٹر میں یومیہ 12 گھنٹے طبی خدمات مہیا کی جاتی ہیں۔
رواں برس ماہ رمضان المبارک اور حج سیزن میں سینٹر سے 22 ہزار 751 افراد مستفیض ہوئے۔
سیزنل میڈیکل سینٹر میں ایمرجنسی کیسز سے نمٹنے کے لیے 10 بستروں کی سہولت ہے۔
سینٹر میں رجسٹریشن کے لیے چار ڈیسک جبکہ ابتدائی طبی معائنہ کے لیے 6 پوائٹس اور چار وارڈز ابتدائی طبی نگہداشت کے لیے مخصوص ہیں۔

امراض تنفس کے علاج کا کلینک بھی مخصوص ہے جبکہ ایک سینٹر امراض گردہ کے مریضوں کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایکسرے، لیبارٹری اور فارمیسی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے، جہاں دوائیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔
طبی نگہداشت مرکز میں زائرین کی آگاہی کے لیے مختلف زبانوں میں معلوماتی لٹریچر مہیا کیا گیا ہے۔
