مغربی بنگال میں سکول کے کھانے سے انڈے ختم کرنے پر سیاسی تنازع اب عدالت پہنچ گیا
مغربی بنگال میں سکول کے کھانے سے انڈے ختم کرنے پر سیاسی تنازع اب عدالت پہنچ گیا
منگل 14 جولائی 2026 9:29
انڈیا کا مڈ ڈے میل پروگرام دنیا کا سب سے بڑا سکول فوڈ پروگرام ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
انڈیا کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں سرکاری سکولوں کے دوپہر کے کھانے سے انڈے ہٹائے جانے کے فیصلے نے سیاسی اور سماجی بحث چھیڑ دی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بچوں کی غذائیت اور سکولوں میں حاضری متاثر ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مغربی بنگال میں حال ہی میں اقتدار میں آنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے دوپہر کے کھانے کا انتظام مذہبی خیراتی ادارے (سکون) کے سپرد کیا ہے۔
یہ ادارہ صرف پودوں سے حاصل ہونے والی خوراک فراہم کرتا ہے اور اسی وجہ سے سرکاری سکولوں کے مینو سے انڈے کو نکال دیا گیا ہے۔
ریاست کے ایک سرکاری ٹیچر راجا ڈئے نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس فیصلے سے سکولوں میں بچوں کی حاضری کم ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سرکاری سکولوں میں دوپہر کا کھانا بچوں کے لیے سب سے بڑی کشش رہا ہے، اور جن دنوں انڈے ملتے تھے، حاضری نمایاں طور پر زیادہ ہوتی تھی۔‘
ریاست کی سابق وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اس فیصلے کو ریاست کی ثقافت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی بچوں پر سبزی خور طرزِ زندگی مسلط کرنا چاہتی ہے۔‘
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ڈولا سین نے بھی الزام لگایا کہ حکومت سکول کے بچوں کو زبردستی سبزی خور بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق انڈیا کا مڈ ڈے میل پروگرام دنیا کا سب سے بڑا سکول فوڈ پروگرام ہے، جس سے لاکھوں بچے مستفید ہوتے ہیں۔
مختلف جائزوں کے مطابق اس پروگرام سے سکولوں میں داخلوں اور حاضری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی میں بھی کمی آئی ہے۔
ٹیچر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مینیو سے انڈے ختم کرنے سے بچوں کی حاضری پر فرق پڑے گا: فائل فوٹو اے ایف پی
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ خاص طور پر غریب خاندانوں کے بچوں کے لیے انڈے اعلیٰ معیار کی پروٹین، وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزا کا اہم ذریعہ ہیں۔
تاہم کھانا فراہم کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ سویا، پنیر اور دالوں کے ذریعے بچوں کو انڈوں کے برابر یا اس سے بہتر غذائیت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب ریاستی حکومت کا مؤقف ہے کہ انڈیا میں صرف سبزیاں کھانے والے لاکھوں افراد صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔
یہ معاملہ اب مغربی بنگال ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے مڈ ڈے میل پروگرام سکون کے سپرد کرنے سے متعلق وضاحت طلب کر لی ہے اور اس کیس کی آئندہ سماعت اگلے ماہ متوقع ہے۔