Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر سمر سیزن: دکہ میں دلکش غروبِ آفتاب، خریداری اور تفریح ساتھ ساتھ

اِس مقام کی رنگا رنگی کو دیکھنے لوگ جوق در جوق آ رہے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
دکہ ابہا‘ کا ایونٹ، جو عسیر میں سمر سیزن 2026 کے پروگرام  ’ابہا سکائی‘ ایریا میں جاری ہے، دیکھنے والوں کو رنگا رنگا مناظر سے بھرے ایسے تجربے سے روشناس کرا رہا ہے جس میں ڈوبتے آفتاب کے طلوع ہوتے دلپسند رنگ بھی ہیں، شاپنگ کا لطف بھی ہے اور تفریح کا سامان بھی۔
یہ جگہ سیاحوں کے پسندیدہ مقام میں تبدیل ہوگئی ہے جہاں ہر روز اِن حسین مناظر اور اِس مقام کی رنگا رنگی کو دیکھنے کے لیے لوگ جوق در جوق آ رہے ہیں۔
یہ جگہ ایک مکمل تفریحی تجربے سے بھری پڑی ہے جہاں پرچون کی دکانیں ہیں، مقامی اور بین الاقوامی ریستوران اور کیفے ہیں اور علاقے کی متعدل آب و ہوا کی مناسبت سے ترتیب دیے ہوئے مختلف تفریحی مشاغل کا بھی انتظام ہے۔
دیکھنے والوں کے تجربے کا آغاز اُس وقت شروع ہوتا ہے جب سورج، مغرب کے پہلو میں چُھپ رہا ہوتا ہے اور ابہا کے آسمان ایک قدرتی پس منظر کا روپ اختیار کرکے، عسیر کے دُور دُور تک پھیلے پہاڑوں کے حُسن کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔
شام پڑتے ہی، رنگ برنگے برقی قمقمے اور روشنیاں اس سیاحتی مقام کی آب و تاب کو ایسا دلکش بنا دیتی ہیں جس کا منظر آنکھوں میں بس جاتا ہے۔

مقامی دکانیں اور جانے مانے تجارتی برانڈ راستے کے دونوں اطراف کو اپنی چکا چوند سے سجا دیتے ہیں۔ یہاں انواع واقسام کی اشیا کا انتخاب دستیاب ہے تاکہ جس کو جو پسند ہو لے جائے۔
اس ایونٹ میں نشستوں کو ایسے لگایا گیا ہے کہ وہ زمین سے قدرے بلند ہیں تاکہ جب سیاح اُن پر براجمان ہوں تو انھیں پورا شہر نظر آئے۔ یہاں کیفے بھی ہیں، ٹرکوں پر کھانے کے سٹال بھی لگائے گئے ہیں اور فیملیوں کے لیے کھلی جگہیں مختص کی گئی ہیں جہاں آؤٹ ڈور سرگرمیوں، محفلوں یا شام گزارنے کے لیے فضائیں، بہترین اور خوشگوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔

ابہا سکائی کے اِس مقام پر مربوط خدمات کی فراہمی کے لیے منظم راستے موجود ہیں جو یہاں سیر و سیاحت کے لیے آنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے میں تعاون فراہم کرتے ہیں جس سے لوگوں کا تفریحی تجربہ مزید بہتر ہو جاتا ہے۔
یہاں طرزِ تعمیر اور ڈیزائن کے عناصر، علاقے کی ثقافتی میراث سے متاثر ہو کر تیار کیے گئے ہیں اور اِس سیاحتی منزل کو ایسی مخصوص شناخت دیتے ہیں جس میں قدیم و جدید کے بہترین امتزاج کی جھلک ملتی ہے۔

یہ تقریب عسیر سمر سیزن کے 2026 کے پروگرام کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد سیاحت کے تجربے کو رنگا رنگ بنانا، علاقے کی بھرپور قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی اثاثوں کو لوگوں کے سامنے پیش کرنا اور مملکت میں ایک رہنما سیاحتی منزل کے طور پر عسیر کی حثییت کو مضبوط بنانا ہے۔

 

شیئر: