Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان گلوبل اکیڈمی کا طبی عملے کے لیے عربی پروگرام جاری

یہ پروگرام ہیومن کیپبیلٹی ڈیویلمپنٹ پروگرام کے اہداف سے بھی مکمل ہم آہنگ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان گلوبل اکیڈمی فار عریبیک لینگوئج نے صحت کے شعبے سے وابستہ غیر عرب ملازمین کے لیے ایک خصوصی عربی زبان کورس کا انعقاد کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ سلسلہ اکیڈمی کے ان تعلیمی اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد مختلف پیشہ وارانہ ماحول کی ضروریات کے مطابق زبان کی مہارت کو فروغ دینا ہے۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد شرکاء کو عربی زبان کی بنیادی اور ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ صحت کے مراکز میں اس زبان کا موثر استعمال کر سکیں۔ اس سے مریضوں اور آنے والے افراد کے ساتھ بہتر اور واضح بات چیت ممکن ہو سکے گی اور طبی عملے کے درمیان لسانی رابطے کا معیار بھی بلند ہوگا۔
اس کورس کا نصاب طبی شعبے کے مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی جامع انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس میں براہ راست انٹرایکٹیو لیکچرز اور آن لائن سرگرمیوں کو یکجا کیا گیا ہے جس سے شرکاء کو عملی مشق کے ذریعے عربی زبان سیکھنے اور اپنی مہارتوں کو نکھارنے کا بہترین ماحول ملتا ہے۔
یہ اقدام غیر عرب باشندوں کے لیے عربی زبان کی تعلیم کو وسعت دینے کی اکیڈمی کی مسلسل کوششوں کو حصہ ہے جو مختلف شعبوں کے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے تحت جاری ہے۔
یہ پروگرام ہیومن کیپبیلٹی ڈیویلمپنٹ پروگرام کے اہداف سے بھی مکمل ہم آہنگ ہے اور عربی زبان کے مقام کو بلند کرنے اور اس کے استعمال کو بڑھانے کی کوششوں کو تقویت دیتا ہے۔

 

شیئر: