ریاض کے سکیورٹی فورسز ہسپتال میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا پہلا کامیاب آپریشن
وزارت داخلہ کے تحت ہسپتال نے نیا طبی سنگ میل حاصل کیا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل سروسزنے اعضا کی پیوند کاری کے ایک حصے کے طور پر ریاض کے سکیورٹی فورسز ہسپتال میں گردے کی پہلی کامیاب پیوندکاری کرکے ایک نیا طبی سنگ میل حاصل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق گردے کے عارضے میں مبتلا 32 سالہ مریض کا کامیاب آپریشن کیا گیا، جسے اس کی بہن نے اپنا گردہ عطیہ کیا، آپریشن سے قبل مریض اور ڈونر کے تمام ضروری ٹیسٹ مکمل کیے گئے، جو میچ کر گئے۔
آپریشن کے بعد مریض اور ڈونر دونوں کی حالت مستحکم ہے اور ان کی ضروری دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کڈنی ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز خصوصی اور جدید طبی خدمات کے فروغ، علاج کے معیار کو بہتر بنانے اور مستفید ہونے والوں کو زیادہ موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
یہ اقدام سعودی وژن 2030 اور صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے، جبکہ ریاض کے سکیورٹی فورسز ہسپتال کی حیثیت ایک ایسے میڈیکل سینٹر کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے جو عالمی معیار کے مطابق پیچیدہ آپریشن کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
