Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم کی مسجد الشبیبیہ آج بھی اپنی اصل تعمیراتی شناخت کے ساتھ برقرار

مسجد کا مرکزی ہال مستطیل نما ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الشبیبیہ مسجد قصیم ریجن کی البدائع گورنریٹ کی نمایاں تاریخی مساجد میں شمار ہوتی ہے۔ یہ مسجد روایتی نجدی طرزِ تعمیر کے ایک اہم پہلو کی عکاسی کرتی ہے، جو اس خطے کی سماجی تاریخ سے جڑا ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد کو ایک ایسے تاریخی ورثے کی حیثیت حاصل ہے جو آج بھی اپنی اصل حالت میں قائم ہے اور اپنے منفرد تعمیراتی خدوخال کو محفوظ رکھے ہوئے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ شہری ورثے اور مقامی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ایک اہم مقام بن چکی ہے۔
مسجد الشبیبیہ علاقے کی سماجی تاریخ سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ البدائع کمشنری کے شمال مشرقی جانب عنیزہ اور البدائع شاہراہ کے سنگم پر واقع یہ مسجد 1934 عیسوی بمطابق 1353 سال ہجری میں مقامی وسائل سے تعمیر کی گئی تھی۔
مملکت کے وسطی علاقے میں روایتی طرز کی حامل مسجد کی عمارت انتہائی سادہ اور پُروقار ہے۔ مسجد کا مرکزی ہال مستطیل نما ہے۔ اس کی دیواریں چکنی مٹی جبکہ چھت کھجور کی سوکھی شاخوں اور الاثل لکڑی سے بنائی گئی ہے۔
مسجد کے سامنے والے دالان کو گول ستونوں پر قائم کیا گیا ہے جبکہ مینار مخروطی طرز کا ہے۔ اس کی بلندی دو منزل کے قریب ہے۔ مسجد کی سادگی کو برقرار رکھنے کے لیے اندرونی جانب کسی قسم کے نقش و نگار نہیں بنائے گئے، صرف مرکزی دروازے پر علاقائی نقوش کنندہ ہیں۔

مسجد کو سال 2008 میں کمشنری کی بلدیہ اور اہل علاقہ کے تعاون سے بحال کیا گیا تاکہ اس کی تاریخی اور قدیم شناخت برقرار رہے جو علاقے کی پہچان بھی ہے۔

 

شیئر: