ایک ہی دن میں سیر، ’طائف دیگر سیاحتی مقامات سے منفرد‘
مکہ ریجن کا پہاڑی تفریحی مقام طائف اب محض خوشگوار موسم کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ منفرد ماحول اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرنے والا سیاحتی مقام بن چکا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران طائف میں دیہی ریزوٹس اور سیاحتی مقامات کی تعداد میں کافی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ان منصوبوں میں پہاڑی ماحول اور زرعی فارموں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فطرت کے درمیان قیام، زرعی سرگرمیوں میں شرکت، ثقافتی و فنی تقریبات اور مختلف انواع کی سرگرمیوں کی وجہ سے یہ سیاحوں میں کافی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
یہاں آنے والے سیاح جنگلی حیات کا مشاہدہ ، ہرنوں اور مقامی و نقلِ مکانی کرکے آنے والے پرندوں کو دیکھنے، سفاری کے تجربات اور پہاڑی راستوں پر چہل قدمی کرنے جیسی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس حوالے سے دیہی سیاحت کے ماہر باسم احمد کا کہنا ہے کہ طائف کی سب سے اہم خصوصیت اس کے سیاحتی تجربات کا تنوع ہونا ہے۔

ان کے مطابق ایک سیاح ایک ہی دن میں پہاڑی علاقوں، دیہی ریزوٹس، زرعی فارمز، جنگلی حیات، روایتی بازار اور سیاحتی مراکز کی سیر کر سکتا ہے جو طائف کو مملکت کے دیگر سیاحتی مقامات کے مقابلے میں منفرد بناتے ہیں۔
