آئی اے ٹی اے کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل سوئس نژاد پاکستانی سعدیہ زاہدی کون ہیں؟
آئی اے ٹی اے کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل سوئس نژاد پاکستانی سعدیہ زاہدی کون ہیں؟
ہفتہ 25 جولائی 2026 18:27
ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ زاہدی نے سینٹر فار دی نیو اکانومی اینڈ سوسائٹی کی بنیاد رکھی تھی (فوٹو: آئی اے ٹی اے)
بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کی تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے سوئس نژاد پاکستانی سعدیہ زاہدی کو اپنا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔ تنظیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کے بعد وہ آئی اے ٹی اے کی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن جائیں گی۔
آئی اے ٹی اے دنیا بھر کی 370 سے زائد ایئر لائنز کی نمائندگی کرتی ہے جو عالمی فضائی ٹریفک کے تقریباً 85 فیصد حصے پر مشتمل ہیں۔ یہ تنظیم محفوظ، مؤثر اور پائیدار فضائی سفر کے فروغ کے لیے صنعت کی نمائندگی، معیارات کے تعین اور مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرتی ہے۔
سعدیہ زاہدی یکم نومبر سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ وہ آئی اے ٹی اے کی نویں ڈائریکٹر جنرل ہوں گی۔ اس سے قبل وہ ورلڈ اکنامک فورم میں منیجنگ ڈائریکٹر اور اس کے منیجنگ بورڈ کی رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
آئی اے ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور لاٹام ایئر لائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روبرٹو الوو نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ سعدیہ زاہدی کو ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے پر انتہائی خوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ زاہدی کا طویل اور غیر معمولی تجربہ آئی اے ٹی اے کو دنیا کی ایئر لائنز کی مؤثر آواز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا۔‘
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعدیہ زاہدی نے سمتھ کالج سے معاشیات میں بیچلر ڈگری، دی گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ سے بین الاقوامی معاشیات میں ایم فل اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم میں انہوں نے سینٹر فار دی نیو اکانومی اینڈ سوسائٹی کی بنیاد رکھی، جہاں وہ اس وقت بھی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ فورم کے گلوبل کمیونیکیشنز گروپ، گلوبل پروگرامنگ گروپ اور تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ روابط کی بھی قیادت کر چکی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خواتین کے معاشی بااختیاری پینل اور یورپی خلائی ایجنسی کے ہائی لیول ایڈوائزری گروپ کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
سعدیہ زاہدی یورپی خلائی ایجنسی کے ہائی لیول ایڈوائزری گروپ کی رکن بھی رہ چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اپنی تقرری پر سعدیہ زاہدی نے کہا کہ اس اہم مرحلے پر آئی اے ٹی اے کے مشن کو آگے بڑھانے کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’ہوابازی عالمی معیشت، تجارت، سیاحت، روزگار، سرمایہ کاری اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ تیزی سے بدلتی دنیا میں صنعت کو مشترکہ معیارات، ضروری خدمات اور مؤثر نمائندگی کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر لانے میں آئی اے ٹی اے کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ رکن ایئر لائنز، حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مضبوط بنیاد کو مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہیں، تاکہ ہوا بازی کا شعبہ دنیا کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ جدت، مضبوطی اور پائیدار ترقی کے اہداف بھی حاصل کرتا رہے۔