سکنی پروگرام: چھ ماہ میں 63 ہزار سعودی خاندانوں کو مکانات کی فراہمی
اتوار 26 جولائی 2026 18:51
سکنی پروگرام کے تحت ملکیتی معاہدوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت، بلدیات و ہاوسنگ نے کہا ہے کہ ’اس سال 2026 کی پہلی ششماہی میں 63 ہزار سعودی خاندانوں کو ’سکنی‘ (ہاوسنگ) پروگرام کے تحت مالکانہ حقوق پر رہائش فراہم کی گئی ہے۔‘
سکنی پروگرام کا آغاز سال 2017 میں کیا گیا تھا جس کے بعد سے جون 2026 کے آخر تک ملکیتی معاہدوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق رواں برس جون کے آخر تک مزید 12 ہزار سعودی خاندانوں کو مالکانہ حقوق کے ساتھ تیار رہائشی یونٹس فراہم کیے جا چکے۔
سالِ رواں کے پہلے چھ ماہ کے دوران مالکانہ رہائشی سکیم سے مستفیض ہونے والے خاندانوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو گئی جنہیں حکومتی پروگرام ’سکنی‘ کے تحت تیار مکانات فراہم کیے گئے ہیں۔
وزارت نے بتایا ’سکنی‘ پروگرام کے تحت مختلف پروگرام متعارف کرائے گئے ہیں جن میں تیار رہائشی یونٹس، زیر تعمیر رہائشی یونٹس اور سیلف بلڈ پروجیکٹس کے تحت زیر تعمیر منصوبے، رہائشی پلاٹس شامل ہیں جو سعودی خاندان اپنی سہولت کے مطابق حاصل کرسکتے ہیں۔

وزارت نے واضح کیا کہ ہاوسنگ سکیم منصوبے کے تحت سال 2025 کے آخر تک مالکانہ حقوق کے ساتھ گھروں کی فراہمی 66.24 فیصد تک مکمل کرلی گئی، سعودی وژن 2030 کے تحت 70 فیصد تک ہاوسنگ کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
