Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’ذاکرہ مکہ‘ تاریخی اور ثقافتی مقامات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم

مہم کے دوران مستند معلومات پر مبنی اہم علمی مواد پیش کیا جا رہا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے رائل کمیشن نے مقدس شہر کے تاریخی و ثقافتی مقامات کی مذہبی اور تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی مہم ’ذاکرہ مکہ‘ (مکہ کی یاد) کے عنوان سے شروع کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مہم کا مقصد زائرین کے علم میں اضافہ کرنا اور شہر کے عظیم ورثے کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دینا ہے۔
مکہ مکرمہ کے تاریخی مقامات اور اسلامی تاریخ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مستند معلومات پر مبنی اہم علمی مواد پیش کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ’ھدھد‘ ایپ کے ذریعے ان مقامات تک رسائی، ان کے محل وقوع اور راستوں کی رہنمائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
یہ مہم مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے رائل کمیشن کی ان جاری کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
یہ اقدام رائل کمیشن کے ’اکتشف مکہ‘ (ڈسکورمکہ) پلیٹ فارم کی توسیع بھی ہے، جو مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات، خصوصا تاریخی اورثقافتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے اور ان کی دریافت کو آسان بناتا ہے۔

 اب تک 28 تاریخی مقامات کو ترقی دی جاچکی ہے، جبکہ مزید 28 مقامات کی سائنسی طریقوں کے مطابق بحالی کی گئی تاکہ ان کی تاریخی اور تعمیراتی خصوصیات محفوظ رہیں۔
60 تاریخی مقامات کی ڈاکومنٹیشن کی گئی،27 مقامات کو کھولنے کے علاوہ سات وزیٹرز سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک ان تاریخی مقامات پر 17.5 ملین وزیٹرز آچکے ہیں، اطمینان کا تناسب 97.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

رائل کمیشن کا کہنا ہے ’ذاکرہ مکہ‘ مہم کے ذریعے مکہ مکرمہ کی تاریخی شناخت کے تحفظ اور جدید ترقی کے تقاضوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ مقدس شہر کے تاریخی، تہدیبی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے ایک جامع علمی و ثقافتی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

 

شیئر: