سعودی عرب نے عراق سے داغے گئے متعدد ڈرون مار گرائے، تیل کی تنصیبات پر حملے کی کوشش ناکام
منگل 28 جولائی 2026 23:03
ترجمان کے مطابق عراقی سرزمین سے دہشت گردانہ کوششیں دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ دفاع نے منگل کی رات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی فضائی دفاع نے چند گھنٹوں کے دوران الشرقیہ ریجن میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے متعدد ڈرونز کو تباہ کر دیا۔‘
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ’عراق کی سرزمین سے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے یہ دہشت گردانہ کوششیں دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کو اپنے دفاع اور اپنے اثاثوں کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، اور وہ مناسب وقت اور مناسب مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘
یاد رہے پیر کو بھی سعودی فضائی دفاع نے کئی ڈرونز کو تباہ کر دیا تھا، جن کا ہدف مشرقی علاقے اور ریاض میں واقع تیل کی تنصیبات تھیں۔
ترجمان کا کہنا تھا ’یہ ڈرونز عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے داغے گئے تھے۔‘
علاوہ ازیں سعودی عرب نے عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے الشرقیہ ریجن میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں سعودی عرب نے اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقف کو بھی دُہرایا کہ سعودی عرب کو حملہ آوروں کو روکنے اور جارحیت کے ذرائع کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
بیان میں عراقی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی سر زمین کو اس طرح کی دشمنانہ کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔
