سعودی افواج نے عراق سے آنے والے کئی ڈرونز کو تباہ کردیا: وزارتِ دفاع
میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ’ڈرونز عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی جانب سے داغے گئے تھے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ’گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران سعودی فضائی دفاع نے کئی ڈرونز کو تباہ کر دیا، جن کا ہدف مشرقی علاقے اور ریاض میں واقع تیل کی تنصیبات تھیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے پیر کو بتایا کہ ’یہ ڈرونز عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی جانب سے داغے گئے تھے۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کو اپنے دفاع اور اپنی صلاحیتوں کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، اور وہ مناسب وقت اور مناسب مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘
ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی: عراقی وزیراعظم
بعد ازاں پیر کو ہی عراق کی جانب سے کہا گیا کہ ’وہ اپنی سرزمین پڑوسی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔‘
عراقی وزیراعظم علی الزیدی کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت دستیاب شواہد اور معلومات کا جائزہ لے رہی ہے۔‘
’تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں جن افراد کے ایسے اقدامات میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے، اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘
