Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پریشر کُکر، کٹلری سیٹ اور سیاہ بو ٹائی، کے ایف سی کے بانی کرنل سینڈرز کی ذاتی اشیا نیلامی کے لیے پیش

نیلامی میں سینڈرز کا سابقہ پانچ ہزار مربع فٹ گھر بھی شامل ہے (فوٹو: اے پی)
مشہور امریکی فاسٹ فوڈ چین ’کے ایف سی‘کے بانی کرنل سینڈرز کا پریشر ککر، سیاہ بو ٹائی اور درجنوں دیگر ذاتی اشیاء عوامی نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
نیلامی میں ان کا سابقہ گھر اور وہ ڈنر ہاؤس بھی شامل ہے جو سینڈرز نے اپنی مشہور ریستوران چین فروخت کرنے کے بعد کھولا تھا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہارلینڈ سینڈرز، جو اب بھی دنیا بھر میں ’کینٹکی فرائیڈ چکن‘ کے چہرے کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے 1950 کی دہائی کے آخر میں شیل بائی ول کی جائیداد کو اپنے ریستوران کاروبار کا پہلا ہیڈکوارٹر بنایا۔
انہوں نے یہ جائیداد، جس میں ان کا گھر اور ’کلاؤڈیا سینڈرز ڈنر ہاؤس‘ شامل تھا، 1974 میں ٹومی اور چیری سیٹل کو فروخت کر دی، جو اس وقت سے ریستوران چلا رہے ہیں۔
بل مینش، جن کی فرم ’دی مینش گروپ‘ نیلامی کر رہی ہے، نے کہا کہ ’کرنل سینڈرز اصل سیلیبریٹی شیف تھے۔ دنیا بھر سے ردعمل آیا ہے، اس لیے ہمیں ایسی نیلامی کرنی پڑی جو عالمی سطح پر خریداروں کے لیے موزوں ہو۔‘
آن لائن پری بڈنگ کے بعد منگل کی شام سینڈرز کی یادگار اشیا کی براہِ راست نیلامی ہوگی۔ ریستوران اور سینڈرز کے سابقہ پانچ ہزار مربع فٹ گھر، جسے انہوں نے ’بلیک ووڈ ہال‘ کا نام دیا تھا، کے لیے بولیاں جمعے تک لی جائیں گی۔
نیلامی میں سینڈرز کی ذاتی گھڑیاں، اصل کیش رجسٹر، ان کا کٹلری سیٹ، بیٹی کا بنایا ہوا مجسمہ اور ان کے سابقہ گھر کا کمرشل گیس رینج شامل ہیں۔
سینڈرز نے 1964 میں کے ایف سی ایک گروپ کو فروخت کر دیا تھا لیکن کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر کام جاری رکھا۔

سب سے دلچسپ اشیا میں ایک ذاتی 1964 کا پلانر بھی ہو سکتا ہے (فوٹو: اے پی)

مینش نے کرنل کا کردار تخلیق کرنے پر سینڈرز کو ’مارکیٹنگ جینئس‘ قرار دیا۔ ’جب وہ کینٹکی فرائیڈ چکن کی بنیاد رکھ رہے تھے وہ اس طرح کا لباس نہیں پہنتے تھے ۔ انہوں نے کپڑے، بو ٹائی، چشمے، اور داڑھی سے کرنل کو اپنایا۔‘
سب سے دلچسپ اشیا میں ایک ذاتی 1964 کا پلانر بھی ہو سکتا ہے جس میں ہاتھ سے لکھا ہوا جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کا نسخہ درج ہے۔

پیر کو اس ٹائی کی سب سے بڑی آن لائن بولی دو ہزار ڈالر سے زیادہ تھی (فوٹو: اے پی)

یہ نسخہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں ایک مقدمے کا موضوع بنا تھا، جب کے ایف سی کارپوریشن نے اس کے مواد کو خفیہ رکھنے کے لیے قانونی کارروائی کی۔ بعد میں کے ایف سی نے مقدمہ واپس لے لیا کیونکہ پلانر میں درج اجزا سینڈرز کے مشہور 11 جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کے خفیہ مرکب سے میل نہیں کھاتے تھے، اور غالباً یہ سٹفنگ کا نسخہ تھا۔
سینڈرز کی ایک مشہور سیاہ بو ٹائی بھی نیلامی کے لیے پیش ہے۔ پیر کو اس ٹائی کی سب سے بڑی آن لائن بولی دو ہزار ڈالر سے زیادہ تھی۔

 

شیئر: