بلغراد میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر حملہ آور ہلاک
سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں بدھ کی صبح اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ایک حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حملہ آور نے پولیس اہلکار پر حملہ کیا تھا اور حکام نے اس واقعے کو ’دہشت گردی کی کارروائی‘ قرار دیا ہے۔
سربیا کے سبکدوش ہونے والے وزیر داخلہ ایویتسا ڈاچیچ کے مطابق حملہ آور کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نے ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دو چھریوں سے پولیس اہلکار پر حملہ کیا۔
واقعے کے بعد سربیا میں دہشت گردی کے خطرے کی سطح بڑھا کر بلند ترین درجے پر کر دی گئی ہے۔