امریکہ: ’طیارہ ہائی جیک کر رہا ہوں‘، مسافر کے دھمکی آمیز پیغام کے بعد فلائٹ واپس موڑ لی گئی
منگل 27 اکتوبر 2026 16:55
پرواز کو رات بھر تاخیر کا سامنا رہا اور یہ اتوار کی صبح نیوارک کے لیے روانہ ہوئی (فوٹو: اے بی سی سیون)
امریکہ میں ایک مسافر کو مبینہ طور پر دورانِ پرواز ایسا پیغام لکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا جس میں اس نے طیارہ ’ہائی جیک‘ کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کے باعث یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو سنیچر کو اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد واپس لاس ویگاس موڑ دیا گیا۔
امریکی ویب سائٹ اے بی سی سیون کے مطابق25 سالہ شخص پر الزام ہے کہ اس نے ایک پیغام میں لکھا کہ وہ ’اس طیارے کو ہائی جیک کرنے والا ہے‘ اور ’صرف تمہاری قطار کو تباہ کروں گا۔‘
دستاویز میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پیغام کس ذریعے سے بھیجا گیا یا کس شخص کو مخاطب کر کے لکھا گیا تھا۔
لاس ویگاس پولیس کے مطابق انہیں سنیچر کی شب نیوارک، نیو جرسی جانے والی پرواز میں ایک شخص کی جانب سے ’دہشت گردانہ دھمکیاں‘ دینے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد اسے حراست میں لیا گیا۔
اس شخص کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی سے متعلق دھمکی دینے یا جھوٹی معلومات فراہم کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ایک سے 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ملزم کی جانب سے نامزد وکیل نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ ملزم کی ابتدائی عدالتی پیشی منگل کو متوقع ہے۔
پرواز سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے فلائٹ راڈار 24 کے مطابق یہ پرواز روانگی کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت بعد واپس ہوائی اڈے پہنچ گئی۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ 150 مسافروں کو لے جانے والی پرواز ایک ’ممکنہ سکیورٹی خدشے‘ کے باعث بحفاظت لاس ویگاس واپس لوٹی۔ بعد ازاں پرواز کو رات بھر تاخیر کا سامنا رہا اور یہ اتوار کی صبح نیوارک کے لیے روانہ ہوئی۔
