سعودی عرب انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 کی میزبانی کرے گا
اولمپیاڈ اتوار 2 سے 9 اگست تک جدہ میں جاری رہے گا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 کی میزبانی کرے گا۔ اولمپیاڈ میں 19 ملکوں کے 120 طلبہ اور ماہرین شرکت کریں گے۔
اولمپیاڈ اتوار 2 سے 9 اگست تک جدہ میں جاری رہے گا جبکہ افتتاحی تقریب پیر 3 اگست کو مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ جو 2024 میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تحت قائم کیا گیا، ایک عالمی سائنسی پلیٹ فارم ہے۔
اس مقابلے کا مقصد نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پُر امن اور محفوظ استعمال کو فروغ دینا، نوجوانوں کو اس شعبے میں مہارت حاصل کرنے اور جدت لانے کی ترغیب دینا ہے۔
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں ہونے والے اس ایونٹ کا اہتمام وزارت تعلیم، کنگ عبدالعزیز اینڈ کمپینیئنز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی ( موھبہ) اور کنگ عبداللہ سٹی فار اٹامک اینڈ رینیوایبل انرجی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
موھبہ کے سیکرٹری جنرل عبدالعزیز الکریدیس نے کہا کہ’ سعودی ٹیلنٹ کی سپورٹ اور انہیں بین الاقوامی سائنسی پروگرام میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا مملکت کی ترجیح ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب پہلے بھی بین الاقوامی سائنسی مقابلوں کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ الشرقیہ ریجن نے 2025 میں ایشین فزکس اولمپیاڈ جبکہ ریاض نے 2024 میں انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ کی میزبانی کی تھی۔
سعودی عرب نے 2024 میں فلپائن اور 2025 میں ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل نیو کلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شرکت کی اور پانچ بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کیے۔
