لمبی شاخوں اور گھنے سایے کے لیے مشہور عسیر کا ’ہزار برس پرانا درخت الرقاع‘
لمبی شاخوں اور گھنے سایے کے لیے مشہور عسیر کا ’ہزار برس پرانا درخت الرقاع‘
جمعہ 31 جولائی 2026 9:27
عسیر ریجن کی تنومہ کمشنری مملکت میں قدیم ترین درختوں کی سرزمین ہے۔ اس علاقے میں عرب خطے کا معروف درخت ’الرقاع‘ موجود ہے جو مملکت کے قدیم اور درختوں مں سے ایک ہے۔ اس کی عمر ایک ہزار برس بتائی جاتی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق الرقاع درخت جس کا سائنسی نام ’فائیکس واسٹا‘ ہے، نباتاتی اعتبار سے جنگلی انجیر کی نسل سے تعلق رکھتا ہے۔
یہ درخت اپنی لمبی عمر اور گھنے سایے کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ جنوبی عرب کے خطے اور مشرقی افریقہ میں پایا جاتا ہے۔ اسے لمبی عمر کی وجہ سے ہزار سالہ درخت بھی کہا جاتا ہے۔
ماحولیات اور نباتات پر تحقیق کرنے والوں کے لیے یہ درخت انتہائی اہمیت کا ہے۔
تنومہ کمشنری میں موجود یہ درخت اپنی لمبی شاخوں اور گھنے سایے کے علاوہ پھیلی ہوئی جڑوں کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ اہل تنومہ اس درخت کو دو نام دیتے ہیں ’گرمیوں میں ٹھنڈی چھاؤں اور سردیوں میں چھتری یعنی بارش سے بچانے والا درخت۔‘
کہا جاتا ہے کہ سینکڑوں برس سے اس درخت کے سایے میں نہ صرف اہل علاقہ بلکہ یہاں سے گزرنے والے قافلے بھی آرام کیا کرتے تھے۔
یہ گھنا قدیم درخت نباتاتی سیاحت، ایڈونچر اور قدیم ورثے کے شوقین افراد کے لیے اہم ہے۔ لوگ یہاں آ کر یادگاری تصاویر بھی بناتے ہیں۔
ماحولیات اور نباتات پر تحقیق کرنے والوں کے لیے یہ درخت انتہائی اہمیت کا ہے (سکرین شاٹ)
خیال رہے تنومہ کمشنری سطح سمندر سے دو ہزار میٹر سے زائد بلندی پر واقع ہے۔ یہاں کا موسم گرمیوں میں معتدل درجہ حرارت کا ہوتا ہے جبکہ پہاڑی مقام ہونے کی وجہ سے یہاں دھند اور پھیلے ہوئے جنگلات نے اس علاقے کو فطرت کا حسین شاہکار بنا دیا ہے جو قدرت سے قربت رکھنے والوں کے لیے ایک مثالی تفریحی و سیاحتی مقام بن گیا ہے۔