الباحہ سائیکل ریس کا آغاز، 130 سائیکلسٹ شریک
ریس 5 مراحل پرمشتمل ہوگی، مجموعی فاصلہ 370 کلومیٹر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
گورنر الباحہ شہزادہ ڈاکٹر حسام بن سعود بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی سمر 2026 فیسٹیول کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کے تحت الباحہ سائیکل ریس کا آغاز ہو گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتِ کھیل کی ریجنل برانج کی زیر نگرانی شروع ہونے والی ریس میں 130 سے زیادہ سائیکل سوار حصہ لے رہے ہیں۔
سائیکل ریس کا مجموعی فاصلہ 370 کلومیٹر ہے جسے پانچ مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سائیکل سوار رغدان، بلجرشی، المندق، المخواہ اور العقیق سے گزریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سائیکل سواروں کے لیے الباحہ ریجن کی مختلف کمشنریوں کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کے خصوصی دوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے، معتدل موسم اور متنوع مقامات سے آگاہ ہوسکیں۔
ریس کا مقصد سپورٹس ٹورازم کو فروغ دینا، سائیکلنگ کے لیے الباحہ کے قدرتی اور پہاڑی راستوں کو اجاگر کرنا، کھیلوں کے رجحان کو عام کرنا اور معاشرے میں صحت مندانہ طرزِ زندگی اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
