کیا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر نے رام گوپال ورما سے ’خفیہ شادی‘ کی تھی؟
کیا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر نے رام گوپال ورما سے ’خفیہ شادی‘ کی تھی؟
اتوار 2 اگست 2026 11:37
90 کی دہائی میں ارمیلا ماتونڈکر نے رام گوپال ورما کی کئی فلموں میں کام کیا (فوٹو: بالی وڈ تماشا)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر اور معروف ہدایت کار اور فلمساز رام گوپال ورما کی خفیہ شادی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق ایک سینیئر صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ جب 1990 کی دہائی میں دونوں کے درمیان ڈیٹنگ کی خبریں گردش کر رہی تھیں دراصل اس وقت دونوں خفیہ طور پر رشتہ ازدواج میں بندھے ہوئے تھے۔
سینیئر صحافی جیوتی وینکٹیش نے ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو میں دعویٰ کیا کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کر لی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر ان کو اس وقت چرن جیوی کے توسط سے ملی تھی جب ان کی ملاقات فلم ’جینٹل مین‘ کے سیٹ پر ان سے ملے۔
انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ ایک صحافی کے طور پر آپ کی ہر چیز پر نظر رہتی ہے مگر جب ارمیلا اور رام گوپال ورما نے شادی کی تو اس کو نظرنداز کیوں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں بتایا کہ ایسی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی تو چرن جیوی نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یہ شادی آندھرا پردیش کے ایک مندر میں ہوئی تھی جبکہ انہوں نے اس پجاری کا نمبر بھی دیا جس کی موجودگی دونوں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔
جیوتی وینکٹیش کے مطابق انہوں نے خبر کی تصدیق کے لیے ارمیلا کو فون کیا تو انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
اسی طرح جب رام گوپال ورما سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس پر بات کرنے سے ہی انکار کر دیا۔
جیوبی وینکٹیش کے مطابق ارمیلا چاہتی تھیں کہ اس شادی کو قانونی شکل دی جائے تاہم رام گوپا ورما اس وقت اس کے لیے تیار نہیں تھے اور یہی بات ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ بنی۔
ارمیلا ماتونڈکر کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر لے جانے والا ’رنگلیلا‘ بھی رام گوپال ورما کی فلم تھی (فوٹو: بالی وڈ تماشا)
اداکارہ اور فلمساز رام گوپال ورما کے درمیان 1990 سے 2000 کے اوائل کے آغاز تک کافی گہرا تعلق فلموں میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
ان کی جوڑی نے 1995 میں ’رنگیلا‘ فلم دی جبکہ اس کے بعد دونوں نے مل کر 1998 میں ’ستیا‘ اور ’کون‘ جیسی فلمیں کیں جبکہ 2003 میں ریلیز ہونے والی ’بھوت‘ فلم میں بھی یہ دونوں ایک ساتھ تھے۔
1974 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی ارمیلا ماتونڈکر نے چائلد آرٹسٹ کے طور پر ’کل یگ‘ نامی فلم سے 80 کی دہائی میں بطور چائلڈ سٹار فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔
تاہم بطور پر ہیروئن ان کی پہلی سپر ہٹ فلم ’نرسنہ‘ 1991 میں زیلیز ہوئی تھی تاہم ان کو اصل شہرت فلم ’رنگیلا‘ سے ملی۔ اس کے بعد بھی انہوں نے کئی یادگار فلموں میں کام کیا۔
اس کے بعد وہ سیاسی میدان میں بھی گئیں اور 2019 میں کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لیا جبکہ اس کے بعد سیاست میں سرگرم رہیں۔
انہوں نے 1916 میں محسن اختر سے شادی کی جبکہ 2024 میں دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔