Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاطاولہ ہیریٹیج فیسٹیول: یونیفارم میں ملبوس فنکاروں نے ماضی کے محافظوں کا روپ دھار لیا

فیسٹیول میں علاقے کے ثقافتی ورثے کو تفریحی پروگراموں کے ذریعے اجاگر کیا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ کے نویں الاطاولہ ہیریٹیج فیسٹیول کے دوران العسس یا پرانے زمانے میں حفاظت پر مامور دیہات کے محافظوں کی روایتی پرفارمنسز نے اس تہوار کو ایک حقیقی تاریخی اور ثقافتی رنگ دے کر لوگوں کے ذہنوں میں ماضی کی یاد تازہ کر دی۔
 سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس پرفارمنس میں فوجی طرز کی پریڈ ہوئی جس کے دوران نعروں کا جوش و خروش ہو بہو وہی تھا جو ماضی میں دیہات کے محافظوں کے زمانے میں ہوا کرتا تھا۔ ٹھیک اُسی طرح سیٹیوں کے بجنے سے یہ تہوار ایک نئے ثقافتی رنگ میں بھی ڈھل گیا۔
اپنے مخصوص روایتی یونیفارم میں ملبوس، فنکاروں نے ماضی میں دیہات کی حفاظ کرنے والوں کا روپ دھار لیا اور تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھنے والوں کو اُس زمانے میں لے گئے جہاں عہدِ گزشتہ میں ایسی دلچسپ اور بھرپور ثقافتی سرگرمیاں وقوع پذیر ہُوا کرتی تھیں۔
اِس تہوار میں دیہاتی محافظوں کا روپ دھارنے والوں نے اُن محافظوں کے فرائض دہرائے جو کبھی دیہاتی پولیس کے جوانوں کی ذمہ داری ہوتی تھی۔ اِس طرح دیکھنے والوں کو یہ معلوم ہوا کہ ماضی میں دیہات کے محافظوں کا تاریخی کردار کس طرح کا ہوتا تھا اور وہ گاؤں کی حفاظت کس طرح کیا کرتے تھے۔
اس نمائشی پریڈ میں معلومات اور تفریح کی غرض سے شریک کئی افراد نے یادگار کے طور پر دیہات کے محافظوں کا کردار ادا کرنے والوں کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں اور ان سے سوالات بھی کیے۔
تاریخی طور پر واقعات کو مستند بنانے کے لیے فیسٹیول کے منتظمین نے دیہات کے گارڈز کے لیے سرکاری طور پر یونیفارم بنوائے جن میں زیتون کے قریب قریب کے سبز رنگ کی پتلون، شرٹ، کمر پر باندھنے والی پیٹی اور غترہ شامل ہیں۔ ساتھ ساتھ اِن ’محافظوں‘ کو وہی سرکاری رائفلیں اور فوجی جوتے بھی دیے گئے جنھیں دیہاتوں میں کام کرنے والے اصلی محافظ استعمال کیا کرتے تھے۔
 فیسٹیول کی منتظم کمیٹی نے اِس ایونٹ سے منسلک کئی دیگر سرگرمیوں کے لیے بھی ایک رنگا رنگ پروگرام تیار کیا ہے جس میں ہر عمر کے افراد کی دلچپسی کا سامان ہوگا۔
اس فیسٹیول میں علاقے کے ثقافتی ورثے کو تفریحی پروگراموں کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا جو یہاں کے زرخیز ثقافتی تنوع کو لوگوں کے سامنے لانے اور اُنھیں اِس کے بارے میں تفصیل سے بتانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
 اِن سرگرمیوں اور ایسے فیسٹیولز کے انعقاد سے علاقے میں الباحہ کو ایک دلکش سیاحتی مقام کے طور پر جو قدرتی حُسن، ثقافت اور روایتی فنون کا سنگم ہے، سیاحوں اور دیگر افراد کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔

شیئر: