Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم مُنیر جمعرات کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم مُنیر جعمرات کو سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچ رہے ہیں۔
سفارتی ذرائع نے اُردو نیوز کو وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے دورہ سعودی عرب کی تصدیق کی ہے، اس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ملاقات متوقع ہے، جس میں علاقائی صورتحال اور دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پاکستان کا واضح موقف ہے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بحران کے حل کے لیے سفارت کاری کو ہی واحد اور پائیدار راستہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا گزشتہ پریس بریفنگ میں کہنا تھا ’ایران، امریکہ کے مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے، تناؤ میں کمی اور بحیرہ احمر و آبنائے ہرمز میں عالمی بحری تجارت کو بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ اور فعال سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔‘
ان کے مطابق ’اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی قیادت سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جا سکے۔‘
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، جس کا مقصد خطے میں پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا اور جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے ایسی تمام ممکنہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا جن سے سفارت کاری کی راہ ہموار ہو۔

 

شیئر: