کھانے پینے کی اشیا میں کھجور کے منفرد استعمال کو فروغ دینے کی مہم
مارکیٹ میں کھجور سے بنی مختلف چیزیں دستیاب ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
نیشنل سینٹر فار پامز اینڈ ڈیٹس نے مملکت بھر کے شاپنگ مالز میں آگاہی تقریبات کا آغاز کیا ہے تاکہ کھانے پینے کی اشیاء میں کھجور کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے جس کا مقصد ان کی معاشی قدر اور قومی معیشت میں ان کے حصے کو بڑھانا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس تقریب میں وزیٹرز اور سیاحوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جو کھجوروں کی بنی ہوئی منفرد ڈِشز اور مشروبات سے محظوظ ہوئے۔
نمائش کنندگان نے کبسہ، جریش، پاستا اور مقامی و بین الاقوامی بیکری کی مصنوعات میں کھجور کے استعمال کی متعدد ریسپیز پیش کیں۔
سینٹر کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد ریستورانوں، کیفے اور بیکریوں کو کھجور پر مبنی نئی مصنوعات اور مینیو آئٹمز تیار کرنے کی ترغیب دے کر روزمرہ کی ڈائٹ میں سعودی کھجور کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
کیمپین کی توجہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی مرکوز ہے جہاں کھجور سے تیار کردی کھانوں اور مشروبات کی منفرد ریسپیز موجود ہیں جس سے جدت میں نئے مواقع کی جھلک نمایاں ہوتی ہے اور معاشرے میں سعودی کھجور کا استعمال بڑھتا ہے۔
سعودی عرب کی کھجور کی مارکیٹوں میں گزشتہ مہینے سیزن کی پہلی فصل کی کٹائی ہوئی ہے جس میں کھجور پیدا کرنے والے بڑے ریجنز سے تازہ اور خشک ورائٹی کی آمد ہوئی ہے۔
پہلی فصل ریاض، مدینہ، الاحسا اور قصیم اور مملکت کے ان ریجنز سے آئی جہاں کھجور بڑی تعداد میں پائی جاتی ہے۔

کھجور کی اس ورائٹی کی آمد کے ساتھ ہی فصل کی کٹائی کے سیزن کا آغاز ہو گیا ہے جو معمول کے مطابق جون سے شروع ہو کر نومبر تک جاری رہتا ہے۔
سال 2024 میں تین کروڑ 22 لاکھ سے زائد پھل دار کھجور کے درختوں کی بدولت، سعودی عرب نے 19 لاکھ ٹن سے زیادہ کھجور کی پیداوار حاصل کی جس نے عالمی منڈیوں کو برآمدات میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ضروریات کو بھی پورا کیا۔
