لندن کے کوونٹ گارڈن کے قریب چاقو حملے میں چار افراد زخمی، خاتون گرفتار
پولیس نے جائے وقوعہ سے قینچی بھی برآمد کر لی ہے، جسے مبینہ طور پر حملے میں استعمال کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مشہور سیاحتی علاقے کوونٹ گارڈن کے قریب بدھ کے روز چاقو کے حملے میں چار افراد زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے لندن پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر ذہنی صحت سے متعلق مسئلے کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کی عمر تقریباً چالیس سال ہے۔ اسے خطرناک ہتھیار رکھنے اور حملے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے قینچی بھی برآمد کر لی ہے، جسے مبینہ طور پر حملے میں استعمال کیا گیا۔
لندن ایمبولینس سروس کے مطابق زخمی ہونے والے چاروں افراد کی عمریں 34، 39، 42 اور 52 سال ہیں۔ انہیں جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ اینڈل سٹریٹ پر پیش آیا، جو لندن کے معروف سیاحتی مقام کوونٹ گارڈن سکوائر سے تقریباً ایک چوتھائی میل کے فاصلے پر واقع ہے۔
یہ علاقہ سیاحوں میں بے حد مقبول ہے اور اپنی سٹریٹ پرفارمنس اور فنکاروں کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔