Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چٹانی نقوش اور قدیم تحریریں: سعودی عرب میں 103 ورثے کے مقامات دریافت

یہ دریافتیں الدوادمی کی تاریخ کے بارے میں معلومات میں اضافہ کریں گی( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی ہیریٹج کمیشن نے ریاض ریجن کی الدوادمی کمشنری میں ’عالیہ نجد‘ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 100 سے زائد آثارِ قدیمہ کے مقامات دریافت کیے ہیں۔
اخبار 24 نے ہیریٹج کمیشن کے حوالے سے بتایا دریافت ہونے والے مقامات مملکت کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کی قومی کوششوں کا اہم حصہ ہیں۔
سروے کے دوران چٹانی نقوش اور پتھروں سے تعمیر کیے جانے والے قدیم مقامات دریافت ہوئے ہیں، جو اس علاقے میں طویل عرصے تک انسانی آبادی اور قدیم اسانی سرگرمیوں کے شواہد ہیں، جبکہ اس سے خطے کے قدرتی ماحول کی تاریخی اہمیت بھی نمایاں ہوتی ہے۔
دریافت ہونے والے آثار میں جانوروں کے 187 چٹانی نقوش، انسانی شکلوں ہر مشتمل 36 نقوش، ثمودی رسم الخط اور ابتدائی اسلامی دور کی 31 تحریروں کے علاوہ 36 چٹانی علامتیں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں پتھروں سے بنائی گئی متعدد قدیم تعمیرات بھی دریافت ہوئی ہیں، جن میں پتھروں کے دائرے، ڈھیری نما قبریں اور دیگر آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے مقامات شامل ہیں۔

ہیریٹج کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ دریافتیں الدوادمی کی تاریخ کے بارے میں معلومات میں اضافہ کریں گی۔ مملکت کے تہذیبی ورثے کی تلاش و تحفظ کے لیے جاری قومی منصوبوں کو مزید تقویت ملے گی۔

 

شیئر: