Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات کا دوسرا مرحلہ: مسلم لیگ (ن) کا کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ

دو اگست کو انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل ہو جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 13 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔
انہوں نے انتخابات میں حریف جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’جیسے ہی انہیں معلوم ہوا کہ ہار رہے ہیں تو طوفان اٹھا دیا کہ دھاندلی ہو گئی ہے۔‘
مشیرِ وزیراعظم نے انتخابات کے ’صاف شفاف‘ ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے بلا خوف اور روک ٹوک کے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
مظفر آباد شہر کی نشست کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر وہاں ہنگامہ کیا، ٹائروں کو آگ لگوائی اور پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ بھی کروائی، ہنگامہ کرانے والوں کے نام ہمارے پاس موجود ہیں۔ 
رانا ثنااللہ نے مظفر آباد شہر کی نشست کے حوالے سے کہا کہ وہاں پر جو کچھ ہوا اس کی انکوائری کروائیں گے اور ضروری ہوا تو ری پولنگ کے لیے درخواست بھی دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا اور اب وہاں عوامی مینڈیٹ سے حکومت قائم ہو گی۔‘

کامیابی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر جیتنے والے ارکان کو مبارک باد دی ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ وہ کامیاب امیدواروں کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو بھی دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

 

 

شیئر: