آٹھ فٹ 10 انچ، انڈین خاتون کا سب سے لمبے بالوں کا عالمی ریکارڈ
رینو دھریال کے مطابق انہوں نے 2015 سے بال نہیں کاٹے (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)
انڈیا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے دنیا میں سب سے زیادہ لمبے بال رکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انڈین ریاست اترکھنڈ کے علاقے ہالدوانی سے تعلق رکھنے والی رینو دھریال کے گھنے سیاہ بالوں کی لمبائی آٹھ فٹ 10 انچ ہے۔
رینو دھریال سے قبل یہ ریکارڈ یوکرین سے تعلق رکھنے والی خاتون الیا ناسیراوا کے پاس تھا اور ان کے بالوں کی لمبائی آٹھ فٹ چار انچ تھی۔
رینو دھریال نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ انہوں نے 2015 کے بعد اپنے بال نہیں کٹوائے۔
وہ ایک یوٹیوبر اور کانٹنٹ کریئیٹر بھی ہیں اور انہوں نے اپنے بالوں کی نشوونما کے لیے خود ایسے تیل اور شمپو بنائے ہیں جو قدرتی اشیا پر مشتمل ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ اگرچہ ان بالوں کی وجہ سے ان کو بہت شہرت ملی ہے مگر ان کو سنبھالنا کافی مشکل کام ہے۔

ان کو دھونے، سکھانے اور پھر سلجھانے میں گھنٹوں صرف ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق وہ اپنے اس انوکھے شوق کی وجہ سے اپنے ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوش ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کے بال اس قدر لمبے ہیں کہ جب وہ چلتے ہیں تو بال پیچھے زمین پر گھسٹتے جاتے ہیں۔

ان بال دنیا کے اب تک کے سب سے لمبے قرار پانے والے شخص رابرٹ ویڈلو کے قد کے قریب قریب ہی ہیں، جن کا قد آٹھ فٹ 11 انچ تھا۔
رینو کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھڑے ہونے کی حالت میں بھی ان کے بال زمین کو چھو ہو رہے ہوتے ہیں جبکہ بیٹھنے کی پوزیشن میں ان کے ارد گرد پھیل جاتے ہیں۔
ان کے بال نہ صرف غیر معمولی طور پر لمبے ہیں بلکہ گھنے اور چمکدار بھی ہیں، اٹھ کر چلنے سے قبل وہ بالوں کو چوٹی کی طرح باندھ لیتی ہیں۔

عالمی ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد رینو دھریال کی خواہش ہے کہ وہ اپنے گاؤں کا نام روشن کریں تاہم ان کا گاؤں پہلے ہی ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے دنیا کی نظر میں آ چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب وہ باہر نکلتی ہیں تو لوگ ان کے بالوں کو دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں اور انہیں سراہتے ہیں۔
ان کے مطابق ’دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پکے ارادے، مستقل مزاجی، اپنی قدرتی خوبصورتی اور ثقافت سے جڑے رہنے کے ذریعے انشان بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔‘
رینو دھریال کہتی ہیں کہ انڈیا میں لمبے بالوں کو خوبصورتی اور روایت کی علامت سمجھا جاتا ہے اور اسی خیال نے ان کو بال بڑھانے آمادہ کیا۔