Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاتھوں کے بل سیڑھیاں اترنے کا ریکارڈ، گنیز بک میں نیپالی اتھلیٹ کا نام پھر شامل

ہری چندرا گری اس سے قبل بھی کئی عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں (فوٹو: فیس بک، ہری چندرا گری)
ٹانگوں کے ذریعے بھاگنے، سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے کے عالمی ریکارڈ تو پہلے بھی لوگ بناتے رہے ہیں تاہم نے یہی کچھ ٹانگوں نہیں بلکہ ہاتھوں سے کر کے دکھایا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر دی گئی رپورٹ کے مطابق 31 سالہ اتھلیٹ کا نام ہری چندرا گری نیپال کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے ایک ایسا خطرناک ریکارڈ بنایا ہے جسے بغیر زخمی ہوئے مکمل کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے یہ مظاہرہ چین کے علاقے یونیانگ میں کیا اور کم ترین وقت میں ہاتھوں کے بل 100 سیڑھیاں اترنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
رپورٹ کے مطابق وہ ہاتھوں کے بل ایک ایسے مقام پر کھڑے ہوئے جہاں سے سیڑھیاں اتر رہی تھیں جبکہ ان کی ٹانگیں ہوا میں تھیں۔
پھر انہوں نے بالکل ویسے ہی ایک ہاتھ ایک اور دوسرے نچلے سٹیپ پر ٹکاتے ہوئے نیچے اترنا شروع کیا جیسے پیروں کے ذریعے اترا جاتا ہے اور 100 سیڑھیاں 44 اعشاریہ 71 سیکنڈز میں اتریں۔
یعنی اس حساب سے دیکھا جائے تو وہ ایک سیکنڈ میں دو سے زائد سیڑھیاں اترنے میں کامیاب رہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا کارنامہ تھا جس سے غیرمعمولی جسمانی طاقت اور توازن ظاہر ہوتا ہے بلکہ یہ بے مثال مہارت، برداشت اور جرات کا بھی عکاس ہے۔
ہری چندرا 2014 سے نیپالی آرمی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ہری چندرا گری نے ہاتھوں کے بل 100 سیڑھیاں 44 اعشاریہ 71 سیکنڈ میں اتریں (فوٹو: گنیز ورلڈ)

ان کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی ہینڈ بیلنسنگ کی پریکٹس کرتے آ رہے تھے اور زمین پر اکثر اس طرح چلتے بھی تھے تاہم سیڑھیاں پر چڑھنا اور اترنا کافی مشکل تھا اس لیے انہوں نے اس طرح ہی کوئی کارنامہ سرانجام دینے کا ارادہ کیا تھا۔
ہری چندرا اس سے قبل بھی کئی عالمی ریکارڈز رکھتے ہیں اور گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام پہلے سے ہی موجود تھا۔
وہ 2021 میں پہلی بار ریکارڈ بک کا حصہ اس وقت بنے جب انہوں نے ہاتھوں کے بل سب سے زیادہ تیز رفتاری سے 50 سیڑھیاں اترنے کا مظاہرہ کیا تھا جو کہ 12 اعشاریہ 65 سیکنڈز پر مشتمل تھا۔
اگلے برس یعنی 2022 میں انہوں نے ہاتھوں کے ذریعے تیز ترین 10 میٹر کا فاصلہ کیا جبکہ اس دوران ٹانگوں کے درمیان فٹ بال بھی پکڑ رکھا اور اس میں انہیں صرف چار اعشاریہ 49 سیکنڈ لگے۔

ہری چندرا گری کا نام پہلی بار 2021 میں شامل ہوا تھا (فوٹو: گنیز ورلڈ(

جب کہ اسی پوزیشن میں 50 میٹر کا فاصلہ بھی کم ترین وقت میں طے کیا جو کہ 25 اعشاریہ 58 سیکنڈ تھا۔
ان کا ایوارڈز کا سفر اس کے بعد بھی جاری رہا، انہوں نے ہاتھوں کے بل تیز رفتاری سے 75 سیڑھیاں اترنے کا ریکارڈ توڑا اسی طرح سیدھے ٹائر کے اوپر کھڑے ہو کر سب سے زیادہ بار رسی پھلانگنے کا ریکارڈ بھی بنایا جبکہ کم ترین وقت یعینی 24 سیکنڈز میں 500 ایم ایل لیمن جوس پینے کا ریکارڈ بھی بنایا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ تمام ریکارڈ ہری چندرا گیری کی غیرمعمولی طاقت، توازن، برداشت اور جسمانی کنٹرول کو ظاہر کرتے ہیں کیونکہ ہاتھوں کے بل کرتب دکھانے کو انتہائی مشکل اور خطرناک سمجھا جاتا  ہے لیکن انہوں نے نہ صرف اس کو محفوظ بنایا بلکہ عالمی ریکارڈ بھی بنائے۔

 

شیئر: