حوثیوں کے حملے: سعودی عرب کا اقوام متحدہ کے مذمتی بیان کا خیر مقدم
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مملکت اور تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حالیہ میزائل حملوں کی مذمت کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اپنی سر زمین، شہریوں اور انفرا سٹرکچر کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کے حوالے سے اپنے حق دفاع کا بھی اعادہ کیا۔
مملکت نے بیان میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کے خلاف سخت موقف اختیار کرے جو علاقائی سلامتی، بحری جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے خطرہ ہیں اور یمن میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا تے ہیں۔
بیان میں یمن کی قانونی حکومت کی سپورٹ جاری رکھنے، اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کی یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے حصول کےلیے کی جانے والی کوششوں کی سپورٹ کا بھی اعادہ کیا گیا۔
یہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کی جانب سے جمعے کو جاری اس مذمتی بیان کے بعد سامنے آیا جس میں 13 جولائی کو سعودی عرب اور 22 جولائی سے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کی تھی۔
سعودی عرب نے سلامتی کونسل کی جانب سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں خصوصا قرارداد 2216 کی پاسداری پرزور دینے، یمن کی خود مختاری، اتحاد، آزادی اور علاقائی سالمیت کی سپورٹ کا بھی خیرمقدم کیا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ روز ایک بیان میں یمن کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
سلامتی کونسل نے سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے حملے علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
