سعودی کابینہ: مکہ سمٹ کے نتائج کی ستائش، آبی گزرگاہوں کے تحفظ کی کوششوں کی سپورٹ
اجلاس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کا بھی خیر مقدم کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ترکیہ اور پاکستان کے ساتھ سہ فریقی سربراہی اجلاس کے نتائج کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے تینوں ملکوں کے مابین طویل مدتی دفاعی شراکت داری قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِصدارت اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوغان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی ’مکہ سمٹ برائے مشترکہ دفاع‘ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
سعودی کابینہ نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے نتائج سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین وسیع تر ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے، بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی سپورٹ کریں گے۔
علاقائی صورتِ حال کے حوالے سے کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب، ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کی کوششوں اور سفارتی حل کی سپورٹ کرنے کے لیے اتحادی ملکوں کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
اجلاس نے عالمی اقتصادی استحکام کے ایک اہم ستون کے طور پر آبنائے ہرمز اور باب المندب میں آبی گزرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اجلاس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں یمن کی حوثی ملیشیا کے حملوں اور کارروائیوں کی مذمت کی گئی، جس سے علاقائی سلامتی اور فریڈم آف نیویگیشن کو خطرہ ہے۔
فلسطین کے مسئلے پر کابینہ نے عمان میں ہونے والے وزارتی اجلاس میں زیر بحث آنے والے یروشلم اور اس کے مقدس مقامات کی سپورٹ کرنے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت یا اس کی شناخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا گیا۔
بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکے، مقدس مقامات کا تحفظ اور فلسطینی عوام کی سپورٹ کرے۔
کابینہ نے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے کامیاب انعقاد اور سعودی طلبہ کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔
اجلاس نے ایجنڈے میں شامل امور کا بھی جائزہ لیا۔ سعودی عرب اور جاپان کے درمیان خلا کے پُرامن استعمال کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت، سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور تھائی لینڈ کی اسلامی کونسل کے درمیان حلال فوڈ کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
