تین دہائیوں کا شوق: جدہ کے فنکار ہشام النجار جو سکوں سے فن پارے تخلیق کرتے ہیں
تین دہائیوں کا شوق: جدہ کے فنکار ہشام النجار جو سکوں سے فن پارے تخلیق کرتے ہیں
بدھ 12 اگست 2026 10:59
جدہ کے رہائشی سعودی شہری ہشام النجار گزشتہ تین دہائیوں سے مختلف ممالک کے سکے اور کرنسیاں جمع کر رہے ہیں۔ ان کے ذخیرے میں ایک لاکھ سے زائد سکے موجود ہیں۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے ہشام النجار نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مسندِ اقتدار سنبھالنے کے موقع پر انہوں نے سکوں سے ان کی ایک بڑی تصویر بنائی جو ان کے بقول اب تک تخلیق کیے گئے فن پاروں میں سب سے بڑی اور خوبصورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’کرنسی میں مجھے سکے پسند ہیں۔ کاغذی نوٹ وقت کے ساتھ خراب ہو جاتے ہیں جبکہ سکے جوں جوں پرانے ہوتے جاتے ہیں، پھر بھی اپنی اصل حالت برقرار رہتے ہیں۔ سکوں کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ انہیں کسی بھی جگہ محفوظ کریں وہ خراب نہیں ہوتے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی دلکشی میں اضافہ ہوتا ہے۔‘
اس کی مثال دیتے ہوئے ہشام النجار نے بتایا ’مملکت کے قدیم سکے جو قرش، قرشین اور ہللہ تھے انہیں دیکھیں وہ برسوں گزر جانے کے باوجود بھی اسی طرح ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سکوں میں کوئی فرق نہیں آیا جبکہ کاغذ کے نوٹوں کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ انہیں محفوظ کرنا کس قدر دشوار ہوتا ہے۔
ہشام النجار نے سکوں سے فن پارے بنائے ہیں (فوٹو: صالح فرید)
ہشام النجار عیسر فیسٹیول میں موجود ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ’یہاں آکر خوشی ہوئی۔ یہاں کے لوگ اچھے میزبان ہیں اور یہاں آنے والوں کا بہت خیال رکھتے ہیں۔‘