شاہی فرامین: ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں کابینہ کی تشکیل نو
جمعرات 13 اگست 2026 17:58
شاہی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو تین شاہی فرمان جاری کیے ہیں۔ کابینہ کی تشکیل نو کے علاوہ دو اداروں کے نئے سربراہان کا تقرر کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ایک شاہی فرمان میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں وزار کونسل کی تشکیل نو کی گئی ہے جس میں تمام موجودہ وزرا اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔
یہ فیصلہ کابینہ کی تشکیل سے متعلق جاری دو شاہی فرامین، متعلقہ شاہی فرمان اور کابینہ کے قانون کے آرٹیکل 9 کے تحت کابینہ کی طے شدہ چار سالہ مدت کے مطابق کونسل کی تشکیل نو کرتا ہے۔
ایک اور شاہی فرمان میں شہزادہ عبد العزیز بن سلمان کو بورڈ آف دی لوکل کنٹینٹ اینڈ گورنمنٹ پروکیومنٹ اتھارٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جبکہ بندر الخریف کو اس عہدے سے سبکدوش کیا گیا۔
ایک دوسرے شاہی فرمان کے تحت مازن السدیری کو بدرجہ وزیر کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ محمد القویز کو اس عہدے سے ہٹایا گیا۔
متعلقہ اداروں کو ان تینوں شاہی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
