انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن، دو باز دو لاکھ ایک ہزار ریال میں فروخت
یہ انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن مقامی اور بین الاقوامی بریڈنگ فارمز کو ایک چھت تلے اکٹھا کرتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں نیشنل سینٹر فار فالکنز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کے دوسرے دن جرمن اور برطانوی بریڈنگ فارمز کے دو باز زبردست بولیوں کے بعد مجموعی طور پر دو لاکھ ایک ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوئے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق پہلا باز جرمن فارم پی ایف تھری فالکنز کا ایک کمسن جیر پیریگرین تھا جس کی آغاز میں بولی 20 ہزار ریال لگی اور وہ ایک لاکھ ریال میں فروخت ہوا۔
اس کا وزن 1260 گرام اور پروں کا پھیلاؤ 16.5 ہے۔ دوسرا باز برطانوی فارم سکائی فالکنز کا ایک کمسن جیر پیریگرین تھا، اس بولی 40 ہزار ریال سے شروع ہو کر ایک لاکھ ایک ہزار ریال تک پہنچی۔ اس باز کا وزن 1200 گرام اور پروں کا پھیلاؤ 16.5 انچ ہے۔
نیلامی کا یہ پلیٹ فارم ہر باز کے لیے ایک شناختی کارڈ فراہم کرتا ہے جس پر اس کی جنس، عمر، فارم کا نام، اصل ملک، وزن، پیمائش، افزائشی ماحول اور رنگ نمبر درج ہوتا ہے تاکہ خریدار اور فالکنرز بولی لگانے سے پہلے تمام تفصیلات کا اچھی طرح جائزہ لے سکیں۔
یہ انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن مقامی اور بین الاقوامی بریڈنگ فارمز کو ایک چھت تلے اکٹھا کرتی ہے اور یہ نمائش 25 اگست تک جاری رہے گی۔
