انٹرنیشنل سٹینڈرڈز اولمپیاڈ 2026: سعودی ٹیم نے تین اعزازات اپنے نام کیے
مملکت نے اولمپیاڈ کا سب سے بڑا اعزاز پلاٹینیم میڈل حاصل کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبہ کی ٹیم نے جنوبی کوریا میں منعقدہ انٹرنیشنل سٹینڈرڈز اولمپیاڈ 2026 میں تین اعزازات اپنے نام کیے ہیں جو بین الاقوامی مقابلوں میں مملکت کی ایک اور کامیابی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 12 سے 14 اگست تک جاری رہنے والے اولمپیاڈ کے 21 ویں ایڈیشن میں 11 ممالک کے 105 طلبہ نے شرکت کی۔
سعودی عرب نے اولمپیاڈ کا سب سے بڑا اعزاز پلاٹینیم میڈل حاصل کیا جو مقابلے میں شریک ایک ہی ٹیم کو دیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ سعودی طلبہ نے سلور اور براونز میڈل بھی جیتے ہیں۔
مقابلے میں شریک طلبہ نے کنگ عبدالعزیز اینڈ کمپینیئنز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی (موھبہ)، وزارت تعلیم اور سعوی سٹینڈرڈز، میٹرو لوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن کے ذریعے تربیت حاصل کی۔
مڈل گرلز سکول کی طالبات کی ٹیم نے پلاٹینیم میڈل حاصل کیا۔ اس ٹیم میں الشرقیہ اور عسیر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سے زھرا بنت ریاض ابوکبوس، یمان بنت ایمن الزھر اور ھیا بنت عادل آل سلمان شامل ہیں۔
مڈل بوائز سکول کی ٹیم نے سلور میڈل جیتا، اس ٹیم میں مدینہ، جدہ اور الشرقیہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے حسن بن ابراہیم حسوبہ، عبدالالہ بن سھیل باجمال اور ریان بن محمد اللقمانی شامل تھے۔

مڈل گرلز سکول کی طالبات نے براونز میڈل حاصل کیا۔ اس میں الشرقیہ، مدینہ اور مکہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سے لینہ بنت اشرف الفقیہ، وجد بنت ایھاب حسوبہ اور میان بنت زھیر خان شامل ہیں۔
سٹینڈرڈز اولمپیاڈ میں شرکت کی تاریخ میں مملکت کا یہ پہلا پلاٹینیم میڈل ہے۔ اولمپیاڈ کے گزشتہ ایڈیشن میں سعودی طلبہ نے تین اعزارت انپے نام کیے تھے۔ ان میں ایک گولڈ اور دو سلور میڈل شامل ہیں۔
اس اولمپیاڈ میں مملکت کے مجموعی اعزازات کی تعداد آٹھ ہوگئی۔ اس میں ایک پلاٹینیم، ایک گولڈ، تین سلور، دو براونز میڈل اور ایک تعریفی سند شامل ہے۔

سٹینڈرڈز اولمپیاڈ، مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ کے لیے ایک سالانہ بین الاقوامی مقابلہ ہے جس کا مقصد طلبہ میں سٹینڈرڈز کی اہمیت، روزمرہ کی زندگی، معیشت اور انڈسٹری میں اس کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
سٹینڈرڈز اولمپیاڈ 2006 میں جنوبی کوریا میں ایک مقامی ایونٹ کے طور پر شروع ہوا اور 2014 میں اسے ایک بین الاقوامی مقابلے میں تبدیل کیا گیا۔
