سعودی امداد: مختلف ملکوں میں طبی خدمات اور خوراک کی فراہمی کا سلسلہ جاری
یمن میں مجموعی طور پر دو ہزار 318 خدمات فراہم کی گئیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی دنیا کے مختلف ملکوں میں طبی خدمات اور خوراک کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق افغانستان کے صوبے پکتیا میں سیلاب متاثرین میں فوڈ باسکٹس کی تقسیم جاری ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے وسطی، مشرقی اور جنوب مشرقی افغانستان میں اپنے فوڈ سکیورٹی اور ایمرجنسی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر 40 فوڈ باسکٹس تقسیم کیں جس سے 280 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
امدادی ایجنسی نے یمن کے ماریب گورنریٹ میں ضرورت مند خاندانوں اور معذور افراد میں کھجور کے دو ہزار کارٹن تقسیم کیے جس سے 12 ہزار افراد مستفید ہوئے۔
یمن کے حضر موت گورنریٹ میں شاہ سلمان مرکز کے تعاون سے چلنے والے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز نے 705 یمنی ضرورت مند افرد کو طبی خدمات فراہم کیں جو اپنے اعضا کھو چکے تھے۔

مجموعی طور پر دو ہزار 318 خدمات فراہم کی گئیں جن میں مصنوعی اعضا کی تیاری اور فٹنگ، بحالی، جسمانی علاج اور مشاورت شامل ہیں۔
علاوہ ازیں غزہ میں شاہ سلمان مرکز کے زیر انتظام سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی کے کمزور طبقات میں مزید 24 ہزار 500 گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے۔

مئی 2015 میں شاہ سلمان مرکز نے اپنے قیام سے اب تک 356 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے 113 ملکوں میں8.5 ارب ڈالر سے زیادہ کے چار ہزار 425 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
امدادی ایجنسی کے پروگراموں میں فوڈ سکیورٹی، پانی، صفائی اور حفظان صحت، ہیلتھ، تعلیم، ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیشن، لاجسٹکس، نیوٹریشن اور ایمرجنسی ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں۔
