سعودی عرب میں اتوار سے بدھ تک گرمی کی لہر، کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اتوار سے بدھ تک سعودی عرب کے کئی علاقے گرمی کی لہر سے متاثر ہوں گے۔
الشرقیہ ریجن کے ساتھ ریاض کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہر متوقع ہے۔ مثاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل قومی مرکز کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے بیان میں کہا تھا اگست جو موسم گرما کا آخری مہینہ ہے، کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
علاوہ ازیں جازان، عسیر الباحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تبوک اور نجران کے کچھ حصوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مکہ مکمہ ریجن میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے سے حد نگاہ محدود ہو سکتی ہے۔
قومی مرکز نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ ویب سائٹ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے موسم کی صورتحال سے اپ ڈیٹ رہیں۔
