شاہی ضیافت: پاکستان سمیت 21 ملکوں کے عمرہ زائرین کا آخری گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا
جمعرات 8 اکتوبر 2026 22:27
65 ملکوں کے ایک ہزار زائرین شاہی ضیافت میں مملکت پہنچے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے جمعرات کو ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے چوتھے اور آخری گروپ کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق آخری گروپ میں شامل 21 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 250 افراد مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
اس گروپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغیزستان، ترکمانستان، آذربائیجان، ترکیہ، جارجیا، روس، بھوٹان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سولومن جزائر اور فجی کے زائرین شامل ہیں۔
چوتھے اور آخری گروپ کی آمد کے ساتھ ہی اس سال پروگرام کے تحت شاہی مہمانوں کی آمد مکمل ہوگئی۔ مجموعی طور پر 65 ملکوں کے ایک ہزار زائرین شاہی ضیافت میں مملکت پہنچے۔
ان تمام زائرین کی میزبانی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی خرچ پر کی گئی ہے۔

وزارت اسلامی امور کے تحت اس پروگرام میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس، مسجد قبا، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔
وزارت نے زائرین کی میزبانی اور دیکھ بھال کے لیے خدمات اور سہولتوں کا ایک جامع پروگرام تیار کیا ہے جس میں مہمانوں کی اپنے ملکوں سے روانگی سے سعودی عرب آمد تک انتظامات شامل ہیں۔

یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
