جازان میں خطرہ ٹل گیا، سعودی سول ڈیفنس نے وارننگ واپس لے لی
ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے ایک انتباہ جاری کیا گیا تھا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی سول ڈیفنس ایجنسی نے اتوار کو یمن کی سرحد کے ساتھ واقع جنوبی ریجن جازان میں ممکنہ خطرے سے خبردار کرتے ہوئے وارننگ جاری کی بعد ازاں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔
یاد رہے حوثی ملیشیا نے حال ہی میں جنوبی ریجن کے سرحدی علاقے کو نشانہ بنایا تھا جس میں گیارہ افراد زخمی ہوئے تھے۔
ابتدا میں جازان ریجن میں نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی جانب سے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے ایک انتباہ جاری کیا گیا۔
اس طرح کے الرٹس عام طور پر کسی علاقے کو نشانہ بنانے والے ممکنہ حملوں سے پہلے جاری کیے جاتے ہیں۔
کچھ دیربعد بیان میں کہا گیا جازان ریجن میں خطرہ ٹل گیا ہے۔ شہری اور رہائشی سول ڈیفینس کی ہدایات پرعمل جاری رکھیں اجتماع اور فلم بندی سے گریز کیا جائے۔
یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے حالیہ ہفتوں میں مملکت میں مقامات کو نشانہ بنانے والے حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
یمن کی خانہ جنگی میں حوثیوں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے درمیان برسوں سے جاری خانہ جنگی گزشتہ ماہ ختم ہوتی دکھائی دی۔
