امام ترکی رائل ریزرو میں سرخ گردن والے شتر مرغ کے سات بچوں کی پیدائش
یہ شتر مرغ تاریخی طور پر اس ریزرو میں آباد رہے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں اس سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران سرخ گردن والے شُتر مرغ کے انڈوں سے سات بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ کامیابی ان قدرتی انواع کی آبادی بڑھانے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے جو تاریخی طور پر اس ریزرو میں آباد رہی ہیں۔
ریزرو اتھارٹی جنگلی حیات کی دوبارہ آبادکاری کے لیے ایک جامع طریقہ کار اپنا رہی ہے جس میں رہائش گاہوں کا جائزہ اور ان کا تحفظ، موزوں مقامات کا انتخاب اور افزائش نسل کی نگرانی شامل ہے۔
اتھارٹی جنگلی حیات کے تحفظ، دوبارہ آباد کاری اور رہائش گاہوں کے تحفظ کے پروگراموں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔

سرخ گردن والے شتر مرغ ان انواع میں سے ایک ہیں جو تاریخی طور پر جزیرہ نمائے عرب خاص طور پر نجد کے صحرائے الدهنا سے وابستہ رہے ۔ ان کی آبادی میں اضافے سے ماحولیاتی توازن اور ماحولیاتی نظام کی پائیداری میں مدد ملتی ہے۔

اس اقدام میں دو طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پہلے طریقے میں قدرتی گھونسلوں میں انڈوں سے بچوں کے نکلنے کی نگرانی کی جاتی ہے جبکہ دوسرا طریقہ مصنوعی طریقے سے انڈوں کو سینے کا ہے۔ اس میں کچھ انڈوں کو مخصوص ہیچریز اور انکیوبیٹرز میں منتقل کیا جاتا ہے تاکہ بچوں کی بقا اور ان کی نشوونما بہتر طریقے سے کی جا سکے۔
