الھُتیمہ کریٹر: حائل میں قدیم آتش فشاں کی ایک خاموش یادگار
قدیم آتش فشانی سرگرمی سے بننے والا الھُتیمہ کریٹر حائل ریجن کے ارضیاتی منظرنامے کا اہم حصہ ہے۔ یہ لاوے سے بننے والی سیاہ آتش فشانی چٹانوں میں گھرا ہوا ہے جبکہ ہزاروں سال کے کٹاؤ اور موسمی اثرات نے اس کی موجودہ شکل تشکیل دی ہے۔
سعودی عرب کے انسائیکلوپیڈیا کے مطابق اس کریٹر کا قطر 1.25 کلومیٹر اور گہرائی 110 میٹرہے۔
یہاں مختلف ارضیاتی ساختیں موجود ہیں جن میں آتش فشانی چٹانیں، قدرتی ساختیں اور کریٹر کی تہہ میں جمع شدہ مٹی اور پتھریلا مواد شامل ہیں۔
یہ ساختیں وقت کے ساتھ یہاں آنے والی ارضیاتی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہیں اور اس مقام کو سائنسی اور جمالیاتی لحاظ سے خاص اہمیت دیتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کریٹر سے سلمیٰ پہاڑوں اور اردگرد کے علاقوں کے خوبصورت اور وسیع مناظر دکھائی دیتے ہیں جو اسے خاص طور پر معتدل موسم میں فوٹوگرافی، صحرا کی سیر اور قدرتی مناظر کی تلاش کے لیے ایک منفرد مقام بناتے ہیں۔

یہ مقام ماحولیاتی اور ارضیاتی سیاحت کے حوالے سے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔