جدہ میں بحیرۂ احمر کا ساحل، سال بھر سمندری سیاحت کا ایک بہترین مرکز
تیراکی کے لیے مخصوص ساحلوں پر نگرانی کے لیے پوسٹس اور ریسکیو ٹاورز موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کا ساحل واٹر سپورٹس اور سمندری سیاحت کے لیے ایک اہم علاقائی مرکز بن چکا ہے جہاں متعلقہ ادارے اس کے ساحلی مقامات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے پروگرامز کا انعقاد کرتے ہیں جو جوش و خروش کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی برقرار رکھتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عوامی ساحل معاشرے کے تمام طبقات سے آنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہیں جبکہ بحیرۂ احمر اتھارٹی، خدمات کے معیار اور شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بیچ آپریٹرز اور ساحلی سیاحتی سرگرمیاں فراہم کرنے والوں کو لائسنس جاری کرتی ہے۔
ساحلی نگرانی اور تحفظ کے ذمہ دار جدہ میونسپلٹی کے عہدیدار کپتان ثامر نہاس نے تصدیق کی کہ میونسپلٹی ساحلی پانی کے معیار کو محفوظ رکھنے اور غیر قانونی اخراج کو روکنے کے لیے واٹر فرنٹ پر باقاعدگی سے معائنہ کرتی ہے۔
تیراکی کے لیے مخصوص ساحلوں پر نگرانی کے لیے پوسٹس اور ریسکیو ٹاورز موجود ہیں جہاں سورج نکلنے سے لے کر غروب ہونے تک تربیت یافتہ لائف گارڈز تعینات رہتے ہیں۔

ضروری سہولیات سے آراستہ مفت عوامی ساحل تیار کرنے کا ایک منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے جن کی جگہوں کی منظوری پانی کے بہاؤ کے مطالعے کی بنیاد پر دی گئی ہے تاکہ پرسکون لہروں، محفوظ لہراتی دھاروں اور آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
