21 سال، 125 گول اور ایک ورلڈ کپ ٹرافی، میسی کا ارجنٹائن کے ساتھ آخری میچ آج
21 سال، 125 گول اور ایک ورلڈ کپ ٹرافی، میسی کا ارجنٹائن کے ساتھ آخری میچ آج
منگل 6 اکتوبر 2026 16:38
عالمی شہرت یافتہ فٹبال سٹار لیونل میسی آج بیونس آئرس کے ’مونومینٹل‘ سٹیڈیم میں ارجنٹائن کے لیے اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔
ارجنٹائن کے تقریباً 85 ہزار شائقین 39 سالہ میسی کو بینن کے خلاف دوستانہ میچ میں کھیلتے دیکھیں گے۔ یہ میچ میسی کے 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہوگا۔
ارجنٹائن کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی میسی نے سپین کے ہاتھوں ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میسی نے اگست میں بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا، ’میں نے اپنا سب کچھ دے دیا، اب میرے پاس دینے کے لیے کچھ باقی نہیں۔ اس کے علاوہ، نوجوان کھلاڑیوں کی ایک بہترین نسل سامنے آ رہی ہے جو موقع کی مستحق ہے۔‘
پیر کو میسی نے بیونس آئرس کے مضافاتی علاقے ایزئیزا میں واقع اُس کمپلیکس میں ٹیم کے ساتھ آخری ٹریننگ سیشن کیا جس کا نام بھی انہی کے نام پر رکھا گیا ہے۔
اپنے ہیرو کو ٹریننگ کرتے دیکھنے کے لیے کام سے چھٹی لینے والے ایک ریٹیل ورکر، ناہویل نیوا نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’آپ اس سے زیادہ کچھ مانگ ہی نہیں سکتے، بس یہی کافی ہے۔‘
میسی کا انٹر میامی کے ساتھ معاہدہ 2028 تک ہے، تاہم دو ماہ قبل اپنے والد خورخے کی وفات کے بعد انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ وہ توقع سے پہلے ہی فٹبال کو مکمل طور پر خیرباد کہہ سکتے ہیں۔
میسی کے بعد خلا پُر کرنے کی کوشش
میسی نے 2022 میں ارجنٹائن کو قطر میں 36 سال بعد ورلڈ کپ جتوا کر اپنے ملک کے عوام کی ہمیشہ کے لیے محبت حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میسی جیسے عظیم کھلاڑی کی رخصتی کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
قطر ورلڈ کپ میں میسی کے ساتھ ارجنٹائن کو فٹبال کی بلندیوں تک پہنچانے والے کئی کھلاڑی بھی اس میچ میں موجود ہوں گے، جن میں دفاعی کھلاڑی کرسٹیان ’کُوٹی‘ رومیو، مڈفیلڈرز الیکسس میک ایلیسٹر اور اینزو فرنانڈیز جبکہ فارورڈز جولین الواریز اور لاؤتارو مارٹینیز شامل ہیں۔ میچ کے بعد کپتان کی آرم بینڈ رومیو کے حوالے کر دی جائے گی۔
کوچ لیونل سکالونی نے میسی کی جگہ پیدا ہونے والے ’خلا‘ کو پُر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ ارجنٹائن کی نئی نسل کے حوالے سے بھی امید افزا اشارے مل رہے ہیں۔ اس نسل کے بعض کھلاڑی تو ایسے ہیں جو میسی کے 2005 میں ارجنٹائن کے لیے ڈیبیو کے وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔
ورلڈ کپ فائنل میں سپین کے ہاتھوں شکست کے بعد میسی کے بغیر ارجنٹائن نے گزشتہ ہفتے اپنے پہلے میچ میں بدھ کو قرطبہ میں کھیلے گئے دوستانہ میچ میں بولیویا کو 4-0 سے شکست دی، جبکہ سنیچر کو مونومینٹل سٹیڈیم میں برکینا فاسو کو بھی یک طرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔
ارجنٹائن کے دو ابھرتے ہوئے ستاروں فرانکو مستانتونو اور جان لوکا پریستیانی نے برکینا فاسو کے خلاف 7-0 کی فتح میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے پہلے گول کیے۔
ان نتائج نے ورلڈ کپ فائنل کی شکست کے بعد چھائی مایوسی کچھ کم کی ہے۔ اس فائنل میں ارجنٹائن اور خاص طور پر تھکے ہوئے نظر آنے والے میسی کو سپین نے کھیل میں پیچھے چھوڑ دیا تھا، جبکہ ارجنٹائن کے بعض کھلاڑیوں نے سخت رویہ اپنایا جس کے نتیجے میں کئی کھلاڑیوں پر پابندیاں اور جرمانے عائد ہوئے۔
میسی کی نمبر 10 جرسی کس کو ملے گی؟
ارجنٹائن کے قومی پرچم کی یادگار پر لیونل میسی کی قومی ٹیم سے الوداع کے موقع پر ان کی دیوہیکل شرٹ نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میسی نہ صرف ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں بلکہ وہ 207 میچز میں 125 گول کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کے نام 68 اسسٹس بھی ہیں، جو ایک قومی ریکارڈ ہے۔
’لا پُلگا‘ یعنی ’پسّو‘ کے نام سے مشہور میسی نے 2022 میں ارجنٹائن کو قطر میں 36 سال بعد ورلڈ کپ جتوا کر اپنے ملک کے عوام کی ہمیشہ کے لیے محبت حاصل کی اور خود کو ڈیاگو میراڈونا کے حقیقی جانشین کے طور پر منوا لیا۔
ارجنٹائن کے ساتھ میسی کے سفر کے دوران ٹیم نے 2005 میں ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ، 2008 میں انڈر 23 اولمپک ٹائٹل اور 2021 اور 2024 میں کوپا امریکہ بھی جیتا۔ 2022 میں ارجنٹائن نے جنوبی امریکہ اور یورپ کے چیمپئنز کے درمیان کھیلی جانے والی فائنلسیما بھی اپنے نام کی۔
تاہم اس سفر میں آنسو بھی کم نہیں تھے۔ 2014 میں برازیل میں جرمنی کے ہاتھوں ورلڈ کپ فائنل میں شکست، رواں سال سپین کے خلاف ورلڈ کپ فائنل کی ناکامی اور 2016 کوپا امریکہ فائنل میں چلی کے ہاتھوں حیران کن شکست ان میں نمایاں ہیں۔
تاہم ایک سوال اب بھی باقی ہے کہ میسی کی مشہور نمبر 10 جرسی کس کھلاڑی کو ملے گی؟ کوچ اسکالونی کے مطابق لیو کے آخری میچ تک ہم نمبر 10 کسی کو نہیں دیں گے۔ اس کے بعد دیکھیں گے۔‘