شاہی فرمان: احسان چیریٹیبل پلیٹ فارم آزاد غیر منافع بخش فاؤنڈیش میں تبدیل
جمعرات 20 اگست 2026 19:48
دوسرے شاہی فرمان کے تحت فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا تقرر کیا گیا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو دو شاہی فرمان جاری کیے ہیں جس کے تحت نیشنل پلیٹ فارم فار چیریٹیبل ورک کو ایک آزاد غیر منافع بخش آزاد فاؤنڈیشن میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایک دوسرے شاہی فرمان کے تحت احسان چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا تقرر کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق پہلے حکم کے تحت احسان پلیٹ فارم ایک آزاد غیر منافع بخش ادارے احسان چیریٹیبل فاؤنڈیشن میں تبدیل ہوگا جس کا مقصد فلاحی کاموں کو مضبوط بنانا اور ڈونرز کو مستحقین سے جوڑنا ہے۔
فاؤنڈیشن عطیات کے مختلف مواقع فراہم کرنے کے ساتھ افراد اور کمپنیوں کوعطیات مہم میں حصہ لینے کے قابل بھی بنائے گی۔
اس کے علاوہ مملکت کے غیر منافع بخش شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
دوسرے شاہی فرمان کے تحت احسان فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل کی گئی جس کے چیئرمین ڈاکٹر ماجد القصبی کریں گے اور ان کے نائب احمد بن سلیمان الرجحی ہوں گے۔
بورڈ آف ٹرسٹیز کا تقرر تین سال کے لیے کیا گیا ہے جبکہ اس میں توسیع کی جا سکتی ہے۔

بورڈ میں سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی، جنرل اتھارٹی فار اوقاف کے گورنر کے علاوہ عبدالرحمن بن ابراہیم الرویتع، ادیب بن عبداللہ الزامل، شہزادی نوف بنت محمد بن عبداللہ بن محمد آل عبدالرحمن، ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الخلف اور عماد بن عبدالقادر المھیدب بھی شامل ہیں۔
احسان پلیٹ فارم 2021 میں ایک شاہی حکم کے تحت قائم کیا گیا تھا ان پانچ برسوں میں معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے بھر پور تعاون حاصل رہا ہے۔ اس تعاون کے نتیجے میں پلیٹ فارم کو 440 ملین سے زائد کے عطیات موصول ہوئے جن کی مجموعی مالیت 17 ارب ریال ہے۔
