Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اجے دیوگن کی مشہور ’درشیام‘ سیریز کی تیسری فلم سنیما گھروں میں کب ریلیز ہو رہی ہے؟

اجے دیوگن کی ’دریشیم‘ فلمیں ملیالم فلم فرنچائز کی ہندی زبان میں بنائی گئی ری میک ہیں (فوٹو: فلم پوسٹر)
بالی وُڈ کے مشہور اداکار اجے دیوگن ایک بار پھر اپنے مقبول کردار وجے سالگاؤنکر کے روپ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق ’درشیام‘ فرنچائز کی تیسری اور نئی فلم ’درشیام: دی کنکلوژن‘ رواں برس دو اکتوبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کے میکرز نے حال ہی میں نیا پوسٹر جاری کرتے ہوئے ریلیز کی تاریخ کی تصدیق کی ہے۔ پوسٹر پر وجے سالگاؤںکر کے کردار کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ’صحیح یا غلط، جو بھی ہو، میں اپنے خاندان کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہوں۔‘
فلم کی یہ لائن ایک بار پھر وجے سالگاؤںکر کے اس کردار کو نمایاں کرتی ہے، جو اپنے خاندان کو بچانے کے لیے ہر حد پار کرنے پر آمادہ ہے۔
’سٹار سٹوڈیو 18‘ کی جانب سے پیش کی جانے والی ’درشیام: دی کنکلوژن‘ ’پینوراما سٹوڈیوز کی پروڈکشن‘ ہے اور اس کی ہدایت کاری ابھیشیک پاٹھک نے کی ہے۔
فلم کی سکرین پلے اور کہانی کے کریڈٹس میں ابھیشیک پاٹھک، عامِل کیان خان اور پرویز شیخ شامل ہیں، جبکہ فلم کے پروڈیوسرز آلوک جین، اجیت اندھارے، کمار منگت پاٹھک اور ابھیشیک پاٹھک ہیں۔
’درشیام‘ فرنچائز نے جرائم، سسپنس، خاندانی ڈرامے اور نفسیاتی کشمکش کے امتزاج کے باعث شائقین میں خاصی مقبولیت حاصل کی ہے۔
اجے دیوگن کی ’درشیام‘ فلمیں ملیالم فلم فرنچائز کی ہندی زبان میں بنائی گئی ری میک ہیں، جس میں ملیالم اداکار موہن لال نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ہندی فرنچائز نے بھی اپنی پیچیدہ کہانی اور وجے سالگاؤںکر کی جانب سے اپنے خاندان کو بچانے کے لیے کیے جانے والے غیر معمولی اقدامات کے باعث ایک مضبوط فین بیس بنایا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
گوا کے پس منظر میں بننے والی ’درشیام: دی کنکلوژن‘ ایک بار پھر وجے سالگاؤںکر کی زندگی کے گرد گھومے گی، تاہم اس مرتبہ کہانی میں قتل کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والے جذباتی اثرات پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔
کئی برسوں سے پولیس سے خود کو اور اپنے خاندان کو بچانے کی کوشش کرنے والا وجے اب کہانی کے ایک اور مرحلے کا سامنا کرے گا، جس نے اسے مسلسل پریشان کیے رکھا ہے۔
اجے دیوگن کی بطور وجے سالگاؤںکر واپسی کے ساتھ فلم میں اس کشمکش کو مزید آگے بڑھائے جانے کی توقع ہے کہ وجے اپنے خاندان کو بچانے اور اپنے اقدامات کے جذباتی نتائج کا سامنا کرنے کے درمیان کس طرح توازن قائم کرتا ہے۔
فلم کا عنوان ’درشیام: دی کنکلوژن‘ بھی اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ سالگاؤںکر خاندان کی طویل کہانی اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے والی ہے۔

شیئر: