نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کے مقابلے کا فاتح کون؟
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کے مقابلے کا فاتح کون؟
پیر 31 اگست 2026 7:56
یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ظہران ممدانی سے مشابہ افراد کا ایسا اجتماع منعقد ہوا: فوٹو روئٹرز
نیویارک شہر کے معروف واشنگٹن سکوائر پارک کے قریب سینکڑوں افراد میئر ظہران ممدانی سے مشابہت رکھنے والوں کے مقابلے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔
اتوار کو منعقد ہونے والے اس مقابلے کے فاتح امیڈیو فوسکا قرار پائے، جو حاضرین کے پسندیدہ امیدوار تھے۔
انہوں نے سوٹ کے نیچے این بی اے چیمپئن نیویارک نِکس کی جرسی پہن رکھی تھی۔ فوسکا کے بالوں کا انداز بھی ظہران ممدانی سے کافی حد تک مشابہ تھا، جس پر انہیں 100 ڈالر کا انعام دیا گیا۔
مقابلے میں نو افراد نے حصہ لیا اور ممدانی کے انداز کے مطابق مختلف لباس زیب تن کیے، جن میں 2025 کی انتخابی مہم کے دوران پہنا گیا بھورا سوٹ، سرخ اور سیاہ ڈیزائن والی ٹائیاں، ڈریس شوز، گہرے نیلے اور سیاہ سوٹ، اور چاندی کی انگوٹھیاں شامل تھیں۔
ایک شریک بغیر قمیص کے صرف ایک ایپرن پہن کر آیا، جو ممدانی کی 2019 میں جاری کی گئی ایک ریپ میوزک ویڈیو کی طرز پر تھا۔
مقابلے کے دوران شرکا سے صرف ایک سوال پوچھا گیا کہ ان کا پسندیدہ پیزا کون سا ہے؟ فاتح کا فیصلہ حاضرین کی سب سے زیادہ تالیوں کی گونج کی بنیاد پر کیا گیا۔
ابتدا میں لوگ واشنگٹن سکوائر پارک میں جمع ہوئے تھے، تاہم پولیس نے انہیں بتایا کہ تقریب کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا، لہٰذا انہیں پارک چھوڑنا ہوگا۔ اس کے بعد مقابلہ پارک کے باہر منتقل کر دیا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ظہران ممدانی سے مشابہ افراد کا ایسا اجتماع منعقد ہوا ہے۔
مقابلے میں نو افراد نے حصہ لیا اور ممدانی کے انداز کے مطابق مختلف لباس زیب تن کیے: فوٹو روئٹرز
2025 میں، جب ممدانی میئر کے عہدے کے لیے انتخابی مہم چلا رہے تھے، بروکلین میں بھی ان سے مشابہ افراد کا ایک ایسا ہی مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔
ظہران ممدانی نے جنوری میں شہر کے میئر کا عہدہ سنبھالا، سوشل میڈیا اور بالخصوص نوجوان شہریوں میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔
میئر کی حیثیت سے ممدانی کا ایجنڈا حکومتی اختیارات کو شہر کے معاشی مشکلات کا شکار محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنے پر مبنی ہے۔