سعودی عرب: پاکستان سمیت 113 ملکوں میں 4 ہزار سے زائد امدادی منصوبے
پاکستان میں 228.33 ملین ڈالر کے 353 منصوبوں پر عمل درآمد کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف ایجنسی کے ذریعے سعودی عرب کی امدادی اور انسانی ہمدردی کی کوششیں 26 اگست 2026 کے آخر تک 113 ملکوں تک پہنچ چکی ہیں۔
ان میں فوڈ سیکورٹی، ہیلتھ، شیلٹر، پانی، تعلیم، سیفٹی اور فوری بحالی سمیت مختلف اہم شعبوں میں 8.57 ارب ڈالر مالیت کے چار ہزار 457 منصوبے شامل ہیں۔
ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق فوڈ اور ایگریکلچرل سکیورٹی امدادی سرگرمیوں میں سرفہرست ہے۔ ایک ہزار 194 منصوبوں کی مالیت 2.31 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
سعودی عرب کے ان منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ یمن کو ہوا جسے 4.79 ڈالر سے زائد کی امداد ملی۔ اس کے بعد شام 586 ملین ڈالر، فلسطین 547 ملین ڈالر، صومالیہ 258 ملین ڈالر، پاکستان 228 ملین ڈالر اور سوڈان کو 196 ملین ڈالر سے زائد کی امداد ملی ہے۔
پاکستان میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف ایجنسی نے 228.33 ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے 353 منصوبوں پر عمل درآمد کیا جس میں خوراک، صحت، شیلٹر اور پانی کے ساتھ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے حوالے سے ردعمل شامل ہے۔

جولائی میں سعودی امدادی ایجنسی اور برطانیہ کے خارجہ آفس کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت ورلڈ فوڈ پروگرام کو 10 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی اس میں دونوں اداروں کا حصہ برابر ہوگا۔
سعودی امدادی ایجنسی ہنگامی امداد کی فراہمی کے ساتھ طویل مدتی ترقیاتی اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
