سعودی عرب اور سربیا میں سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ
سعودی وزیر نے غیر وابستہ ملکوں کی تحریک کے اجلاس میں شرکت کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے بدھ کو سربیا کے وزیر خارجہ مارکو ڈوریچ سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور سربیا کے تعلقات، انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ اور مشترکہ دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی نائب وزیر خارجہ اور سربیا کے وزیر خارجہ نے سفارتی، خصوصی اور سروس پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے مختصر قیام کے ویزے کی شرائط سے استثنیٰ کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سے قبل سعودی نائب وزیر خارجہ نے سربیا میں غیر وابستہ ملکوں کی تحریک کے اعلی سطح کے اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی کی۔
علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر خارجہ سے انڈیا کے وزیر برائے پارلیمانی اور اقلیتی امور کیرن رجیجو، سری لنکا، گھانا، برونڈی، انڈونیشیا کے وزرا نے ملاقات کی ہے۔

غیر وابستہ تحریک کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
مشترکہ دلچسپی کے امور کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔
